بدعنوانی ملک کو دیمک کی طرح چاٹ رہی ہے گورنر پنجاب

تاجر برادری ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں جو ملک میں صنعت کا پہیہ جاری رکھے ہوئے ہیں، خطاب

خطے میں پائیدار اَمن کے قیام کیلئے مسٔلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے۔ فوٹو: فائل

گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی طرف سے طالبان کے ساتھ مذاکرات کا اعلان ان کی سیاسی بصیرت اور ملک میں قیام اَمن کیلئے ان کے عزم کا عملی ثبوت ہے اور توقع ہے کہ اس فیصلے کے مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ بد عنوانی اور کرپشن ملک کو دیمک کی طرح چاٹ رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس لاہور میں فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام بیسٹ پرفارمنس ایوارڈز 2014ء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ تاجر برادری ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں جو توانائی کے بحران اور انتہا پسندی جیسے مسائل کے باوجود ملک میں صنعت کا پہیہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ وزیر اعظم ملک سے توانائی کے بحران کے خاتمے کیلئے ذاتی طور پر کوششیں کررہے ہیں۔ اس موقع پر گورنر پنجاب نے تقریب میں بزنس کمیونٹی کے عہدیداران میں گولڈ میڈلز کے ساتھ ساتھ اعزازی شیلڈز بھی تقسیم کیں۔




دریں اثناء گورنر پنجاب سے گورنر ہائوس لاہور میں حافظ امیر علی کی قیادت میں اوورسیز پاکستانیوں کے وفد نے ملاقات کی۔ قبل ازیں گورنر پنجاب نے کہا کہ خطے میں پائیدار اَمن کے قیام کیلئے مسٔلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے۔ یہ بات انہوں نے گورنر ہائوس لاہور میں کشمیری رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال یاسین ملک سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر مشعال یاسین ملک کشمیریوں کی حمایت پر پاکستانی عوام اور حکومت کا شکریہ ادا کیا۔
Load Next Story