راولپنڈی میں موٹرسائیکل سواروں کی پولیس پر فائرنگ سے کانسٹیبل شہید

آئی جی پنجاب نے نوٹس لیتے ہوئے آر پی او راولپنڈی سے رپورٹ طلب کرلی

آئی جی پنجاب نے نوٹس لیتے ہوئے آر پی او راولپنڈی سے رپورٹ طلب کرلی

RAWALPINDI:
تھانہ پیرودھائی کے علاقے سی ڈی اے چوک پر نامعلوم موٹرسائیکل سواروں کی پولیس ٹیم پر فائرنگ سے کانسٹیبل شہید اور سب انسپکٹر سمیت 2 اہلکار زخمی ہوگئے۔

حکام کے مطابق جڑواں شہروں راولپنڈی اسلام آباد کے سنگم پر واقع سی ڈی اے چوک کے قریب پیرودھائی پولیس کے سب انسپکٹر منظور شہزاد کانسٹیبلز عمر ہارون اورخرم شہزاد کے ہمراہ اسنیپ چیکنگ ڈیوٹی پر موجود تھے کہ اسلام آباد کی جانب سے آنے والے دو نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کو چیک کرنے کے لیے روکنا چاہاتو ملزمان نے اچانک فائرنگ شروع کردی .


فائرنگ کے نتیجے میں خرم شہزادشدیدزخمی ہوا اورزخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگیا جبکہ سب انسپکٹر اور کانسٹیبل زخمی ہوئے جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا .

اس دوران پولیس نے جوابی فائرنگ کی تاہم ملزمان شدید فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوجانے میں کامیاب ہوگئے ۔ فائرنگ کے دوران گولیاں سی این جی اسٹیشن کے قریب کھڑی گاڑی کو بھی لگیں جس سے گاڑی کی ونڈ اسکرین ٹوٹ گئی ۔ اطلاع ملتے ہی پولیس حکام موقع پر پہنچے اور تحقیقات شروع کردیں۔

آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان نے فائرنگ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او راولپنڈی سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی اور پولیس کانسٹیبل خرم شہزاد کے شہید ہونے پر گہرے دکھ کا اظہار کیاہے اور زخمی اہلکاروں کو فوری طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
Load Next Story