آرمی میوزیم میں 1971ء کی پاک بھارت جنگ گیلری

میوزیم دیکھنے آنیوالے شہری پاک فوج کی شجاعت، بہادری اور قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں

میوزیم دیکھنے آنیوالے شہری پاک فوج کی شجاعت، بہادری اور قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں - تصاویر:ایکسپریس نیوز

آرمی میوزیم میں تحریک آزادی، قیام پاکستان، پاکستان اور بھارت کے مابین لڑی گئی جنگوں، دہشت گردی کیخلاف جنگ سمیت پاک فوج کے شہدا اور سپہ سالاروں سے متعلق کئی گیلریاں اور ڈسپلے ہیں لیکن ایک گیلری میں 1971ء کی جنگ کے پس منظر، پاک فوج کی بہادری، شجاعت اور قربانیوں کی منظر کشی کی گئی ہے۔

اس خاص گیلری میں 1971ء کی پاک بھارت جنگ کے پس منظر، بھارت کی طرف سے بنائی گئی مکتی باہنی کی دہشت گرد تنظیم کے ٹریننگ کیمپوں کی تفصیلات اور اس معرکے میں بے مثال بہادری کے ساتھ پاک سرزمین کے تحفظ کے لئے جان قربان کرنیوالے پاکستان آرمی کے ان افسروں کے بھی ڈیوراما بنائے گئے ہیں جنہیں نشان حیدرسے نوازاگیا۔ 1971ء کی پاک بھارت جنگ میں پاکستان آرمی کے چارافسروں کوان کی بے مثال بہادری، شجاعت اور قربانی پر پاکستان آرمی کے سب سے بڑے فوجی اعزازنشان حیدرسے نوازاگیا تھا۔



میجر محمد اکرم نے مشرقی پاکستان میں دشمن کامقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا،ان کی بہادری اورشجاعت پرانہیں نشان حیدرسے نوازاگیا۔ میجرشبیرشریف نے سلمانیکی سیکٹرمیں بھارتی فوج کے میجرنارائن سنگھ کودست بدست لڑائی میں شکست دی اورپھراسی کی مشین گن سے اسے ہلاک کردیاتھا۔دشمن کاجنگی سامان بھی قبضے میں لیا۔ان کی بے مثال جرات، قربانی اورشجاعت پرنشان حیدردیاگیا، سوارمحمدحسین نے شکرگڑھ سیکٹرمیں جوانمردی سے دشمن کامقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا،یہ پاک فوج کے پہلے سپاہی تھے جنہیں نشان حیدرسے نوازگیا۔لانس نائیک محمدمحفوظ شہید نے لاہورکے محاذ پرشدیدزخمی ہونے کے باوجوددشمن کے مورچے میں گھس کراسے تباہ کیا۔ انہیں بھی نشان حیدرسے نوازاگیا۔




آرمی میوزیم دیکھنے آنیوالے شہری پاک فوج کی شجاعت ،بہادری اورقربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں، ایکسپریس سے بات کرتے ہوئے شہریوں کا کہنا تھا ان مناظرکودیکھ کرتفصیلات جان کراپنی فوج کی بہادری، شجاعت اورقربانیوں پررشک آتا ہے، یہ میوزیم ہمیں پمارے شاندارماضی کی یاددلاتاہے۔ پاک فوج نے اس پاک سرزمین کے لئے کس قدرقربانیاں دی ہیں۔ بیرون ملک سے آئی ہوئی ایک طالبہ فاطمہ کاکہنا تھا انہوں نے پاکستان اورانڈیا کے مابین لڑی گئی جنگوں سے متعلق کتابوں میں پڑھا تھا یاپھراپنے بزرگوں سے واقعات سنے تھے لیکن آج یہاں میوزیم میں ان ماڈلز کے ذریعے ان مناظرکودیکھ کر حیرانگی ہوتی ہے کہ اس ملک کے قیام کے لئے لوگوں نے کس قدرقربانیاں دی ہیں، پاک فوج نے کس طرح بھارتی فوج کامقابلہ کیا۔ کئی شہریوں نے انیس سوپیسٹھ اورانیس سواکتہر کی جنگوں کے دوران قبضے میں لئے گئے بھارتی فوج کے تین ٹینکوں کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔



آرمی میوزیم انتظامیہ کے مطابق قبضے میں لئے گئے بھارتی فوج کے ٹینکوں پر بھارت کاپرچم الٹابنایاگیاہے،جنگی اصولوں کے مطابق یہ اس بات کی علامت ہے کہ یہ ٹینک جنگ کے دوران قبضے میں لئے گئے تھے۔ یہ ہماری بہادری اورکامیابی کی علامت ہیں۔ بھارتی ٹینکوں کے علاوہ کئی دوسرے جنگی ہتھیاربھی لاہورمیوزیم میں رکھے گئے ہیں۔ آرمی میوزیم کی زینت بننے سے پہلے یہ ٹینک اوردیگرجنگی ہتھیارمختلف شہروں میں پاکستان آرمی کے پاس محفوظ تھے۔ واضع رہے کہ آرمی میوزیم لاہور میں صرف پاکستان کی بری فوج سے متعلق جنگی سازوسامان،اس کے شہدا اورسربراہان سے متعلق گیلریاں اورڈسپلے کئے گئے ہیں۔



Load Next Story