پی ٹی آئی تشدد اور دھاندلی سے انتخابی عمل کی حیثیت کم کررہی ہے بلاول بھٹو

پی ٹی آئی کی حرکتیں ایک غیرمقبول حکومت کی غماز ہیں، چیئرمین پیپلزپارٹی

الیکشن کمیشن کے منتظر ہیں کہ وہ دھاندلی کے خلاف ایکشن لے اور شفاف انتخابات کو یقینی بنائے، چیئرمین پی پی.۔ فوٹو:فائل

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی تشدد اور دھاندلی کے سہارے عوام کے انتخاب کرنے کے عمل کی حیثیت کم کرنے کی کوشش کررہی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف لوکل باڈیز الیکشن میں دھاندلی کی کوششوں میں اتھاہ گہرائیوں میں دفن ہوچکی ہے، پشاور میں پولنگ سے قبل پی ٹی آئی کے افراد بیلٹ پیپرز پر ٹھپے لگاتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑے گئے، اور اسی جماعت کے کارکنان کی جانب سے پولنگ اسٹیشنز میں توڑپھوڑ اور خواتین سمیت پولنگ کے عملے پر حملوں کی خبریں آتی رہیں، یہ حرکتیں ایک غیرمقبول حکومت کی غماز ہیں۔




بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز ڈیرہ اسماعیل خان میں اے این پی کے امیدوار کو قتل کردیا گیا، اور مقتول کے ورثاء نے پی ٹی آئی کے وزیر پر الزام لگایا کہ رشوت دینے کی کوششوں کے بعد یہ قتل ہوا، تشدد اور دھاندلی کے سہارے پی ٹی آئی عوام کے انتخاب کرنے کے عمل کی حیثیت کم کرنے کی کوشش کررہی ہے، ہم الیکشن کمیشن کے منتظر ہیں کہ وہ دھاندلی کے خلاف ایکشن لے اور صاف و شفاف انتخابات کو یقینی بنائے۔

 
Load Next Story