فیس بک اور ٹیلی گرام نے روس کو لاکھوں ڈالر جرمانہ ادا کردیا

روس میں ملکی قوانین کی خلاف ورزی پر فیس بک اور میسجنگ ایپ ٹیلی گرام پر جرمانہ عائد کیا گیا تھا

دونوں کمپنیوں نے مجموعی طور پر 32 ملین روبل ادا کیے، فوٹو: فائل

NEW DELHI:
سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک نے روس کو جرمانے کی مد میں 17 ملین روبل یعنی دو لاکھ 29 ہزار ڈالر ادا کردیئے ہیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق روسی عدالت کی جانب سے غیر قانونی مواد ہٹانے میں ناکامی پر فیس بک پر جرمانہ عائد کیا گیا تھا جس پر میٹا گروپ نے روس کو 17 ملین روبل کا جرمانہ ادا کردیا۔

علاوہ ازیں موبائل میسجنگ ایپلی کیشن ٹیلی گرام نے بھی روس کو 15 ملین روبل جرمانے کی رقم ادا کی ہے تاہم ٹیلی گرام نے اس پر تبصرے سے گریز کیا ہے۔


ادھر اتنا بھاری جرمانہ ادا کرنے کے باوجود فیس بک کو ممکنہ طور پر ایک اور بڑے جرمانے کا خطرہ بھی ہے۔ اگلے ہفتے مقامی عدالت میں فیس بک اور گوگل کو روسی قوانین کی مشتبہ خلاف ورزیوں پر ایک اور مقدمے کا سامنا کرنا ہوگا۔

اس مقدمے میں فیس بک کو روس میں اپنی سالانہ آمدنی کے ایک فیصد کے برابر جرمانے کی سزا ہوسکتی ہے۔ اس مقدمے سے متعلق فیس بک کا تبصرہ لینے کی کوشش کی گئی تاہم فیس بک انتظامیہ نے جواب دینے سے اجتناب کیا۔

واضح رہے کہ رواں برس اکتوبر میں روس نے فیس بک پر عائد جرمانے کی مد میں 17 ملین روبل کی وصولی کے لیے قانون نافذ کرنے والی ایجنسی کے اہلکار بھی بھیجے تھے۔
Load Next Story