الیکشن کمیشن کا کردار انتہائی شرمناک ہے اور اب صرف سپریم کورٹ سے امید ہے عمران خان

35 پنکچر کے بعدتو ٹیوب ہی بدل دی جاتی ہے لیکن انعام کے طور پر نجم سیٹھی کو پی سی بی کا چیر مین بنا دیا گیا، عمران خان

2 حلقوں میں بھی انگوٹھوں کی تصدیق ہو گئی تو سب کچھ واضح ہو جائے گا، عمران خان۔ فوٹو؛ فائل

KARACHI:
پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے کہا ہے کہ انتخابات میں الیکشن کمیشن کا کردار انتہائی شرمناک ہے اور اب ہمیں صرف سپریم کورٹ سے انصاف کی امید ہے۔

اسلام آباد میں سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ جس طرح خوشاب میں ضمنی انتخابات کے دوران الیکشن کمیشن نے ووٹنگ کا ٹائم ایک گھنٹہ آگے بڑھا عوام کا مینڈیٹ چرایا وہ انتہائی شرمناک ہے، عوام کا مینڈیٹ چرانا آئین کی خلاف ورزی ہے، دھاندلی کرانے والوں کے خلاف آئین کے آرٹیکل 6 کے تحت سخت کارروائی ہونی چاہیئے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تاریخ میں کبھی شفاف انتخابات نہیں ہوئے، آج تاریخی فیصلہ ہو گا، ہمیں صرف سپریم کورٹ سے ہی انصاف کی امید ہے۔


عمران خان کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی کے 4 حلقوں میں انگوٹھوں کی تصدیق کے حوالے سے سپریم کورٹ جا رہا ہوں، 2 حلقوں میں بھی انگوٹھوں کی تصدیق ہو گئی تو سب کچھ واضح ہو جائے گا، حکومت انگوٹھوں کی تصدیق کے عمل سے کیوں ڈر رہی ہے؟ اگر انگوٹھوں کی تصدیق کرائی گئی تو اپنا ایک نمائندہ بھی ساتھ بٹھائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں پرانے چیرمین نادرا پر مکمل اعتماد تھا، نئے چیرمین کو جانتے ہی نہیں کہ وہ کون ہے، جس طرح چیر مین نادرا کو ان کے عہدے سے ہٹایا گیا ہمارے شکوک و شبہات مزید بڑھ گئے ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین کا کہنا تھا کہ سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری سے یہ گلہ ضرور ہے کہ انہوں نے 4 حلقوں میں ووٹوں کی تصدیق نہیں کرائی، جب کیس لے کر سپریم کورٹ گئے تو کہا گیا کہ سپریم کورٹ میں پہلے ہی 20 ہزار سے زائد کیسز زیر سماعت ہیں، الکشن میں دھاندلی بھی تو انتہائی اہم کیس ہے، اگر الیکشن کمیشن سے کرپشن کا خاتمہ نہ ہوا تو ملک میں جمہوریت کا کوئی مستقبل نہیں ہو گا، جس طرح سے انتخابات میں مرضی کے امپائرز لگائے گئے وہ پوری دنیا کے سامنے ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر پاکستان تحریک انصاف کو آئینی اور جمہوری طریقہ اختیار کرنے سے روکا گیا تو ملک کے ہر شہر میں احتجاج کریں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیرمین نجم سیٹھی کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر عمران خان کا کہنا تھا کہ 35 پنکچر کے بعد تو ٹیوب ہی بدل دی جاتی ہے لیکن حکومت نے نجم سیٹھی کو انعام کے طور پر پی سی بی کا چیر مین بنا دیا۔
Load Next Story