ہمیں بھی پاکستان کا شہری اور بھائی سمجھا جائے رہنما ایم کیو ایم فاروق ستار
ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار کا کہنا ہے کہ ریاستی جبر کی انتہا ہوگئی ہمیں بھی پاکستان کا شہری اوربھائی سمجھا جائے،
ایم کیو ایم کے کارکن عادل کی نماز جنازہ کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے کارکن سلمان کے قتل اور فہد عزیز پر تشدد کے بعد عادل کو قتل کردیا گیا جب کہ اب بھی ہمارے 45 کارکنان لاپتہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت لاپتہ کارکنوں کو منظر عام پر لائے بصورت دیگر آئندہ 24 گھنٹے میں لائحہ عمل طے کیا جائے گا، ایم کیو ایم کے کارکنوں کو سازش کے تحت گرفتار کرکے تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔
ڈاکٹرفاروق ستار کا کہنا تھا عادل کو رینجرز نے ساڑھے گیارہ بجے حراست میں لیا، وہاں موجود لوگ گواہ ہیں کہ عادل خود چل کر رینجرز کی گاڑی میں بیٹھا لیکن جب اسے چھوڑا گیا تو اس کی حالت غیر تھی، جسے 8 گھنٹے تک تشدد کا نشانہ بنایا گیا، فاروق ستار نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم کے کارکنان کے ساتھ نسل پرستانہ سلوک کیا جارہا ہے، ہمیں بھی پاکستان کا شہری اور بھائی سمجھا جائے۔