کھیل کے17 میدان بحال کرنے کی تیاری پی سی بی تعاون کرے گا

سندھ حکومت پاکستان کرکٹ بورڈ کو مکمل سہولتیں فراہم کرے گی، چیف سیکریٹری

سندھ سے کرکٹ کاٹیلنٹ ابھرکرسامنے آیا،مزید ٹیلنٹ کی تلاش میں ضلع سطح پر جائیں گے،پاکستان کرکٹ بورڈ حکام فوٹو: فائل

کراچی:
سندھ حکومت کے تعاون سے پی سی بی اگلے سال فروری سے صوبے میں اسکول کرکٹ کیٹ شروع کرنے جا رہا ہے۔

چیف سیکریٹری سندھ ممتاز علی شاہ کی زیر صدارت سندھ میں کرکٹ کو فروغ دینے کے حوالے سے اہم اجلاس سندھ سیکریٹریٹ میں منعقد ہوا جس میں چیئرمین سندھ کرکٹ ایسوسی ایشن عمران حسین، پی سی بی ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس ندیم خان، جی ایم ڈومیسٹک کرکٹ پی سی بی جنید ضیا، سیکریٹری اسپوٹ ڈپارٹمنٹ سندھ، سیکریٹری کالج ایجوکیشن خالد حیدرشاہ شریک ہوئے جب کہ تمام ڈویژنل کمشنر وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

اجلاس میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام نے بتایا کہ سندھ حکومت کے تعاون سے پی سی بی اگلے سال فروری سے صوبے میں اسکول کرکٹ کیٹ شروع کرنے جا رہا ہے، پہلے مرحلے میں اسکول لیگ میں صوبے کے30 اضلاع میں239 میچ کھیلے جائیں گے، اسکول سطح کی 240 ٹیمیں اور 3850 پلیئر کھیلیں گے،سندھ سے کرکٹ میں جس طرح کا ٹیلنٹ ابھر کر آیا ہے اب ٹیلنٹ کی تلاش میں ضلع سطح پر جائیں گے۔


دوسرے مرحلے میں ڈویژنل سطح پر30 ٹیموں کے درمیاں 24 میچ کھیلیں جائیں گے، تیسرے مرحلے میں سندھ چیمپئن شپ میں 6 ٹیموں کے درمیان 5 میچ کھیلیں جائیں گے۔

اجلاس میں چیف سیکریٹری ممتاز علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت پاکستان کرکٹ بورڈ کو مکمل سہولتیں فراہم کرے گی، اسکول لیگ پر 27 ملین کی لاگت آئے گی جو حکومت سندھ فنڈز فراہم کریگی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سندھ حکومت کا پی سی بی کے تعاون سے صوبے کے کرکٹ گراؤنڈ بحال کیے جائیں گے جس میں پہلے مرحلے میں 91 ملین کی لاگت سے 17 گراؤنڈ بحال کیے جائیں گے۔

اجلاس میں پی سی کے ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس ندیم خان نے کہا کہ لاہور، کراچی اور ملتان میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے ہائے پرفارمنس یونٹ ہیں اور اب ٹیلنٹ کی مزید تلاش کے لیے حیدرآباد اور سکھر میں ٹیلنٹ ڈویلپمنٹ سینٹر بھی قائم کریگی۔
Load Next Story