امیگریشن اسکینڈل ایف آئی اے نے مزید 2 ملزم گرفتار کرلیے

ملزم مصطفی کا سراغ بھی مل گیا، مرکزی ملزم نے حفاظتی ضمانت کرالی

ملزم مصطفی کا سراغ بھی مل گیا، مرکزی ملزم نے حفاظتی ضمانت کرالی۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD:
وفاقی تحقیقاتی ادارہ ایف آئی اے نے بینظیر بھٹو ایئرپورٹ سے دوغیرملکی لڑکیوں کی امیگریشن کے بغیر ملک میںداخل کرنے کے اسکینڈل میں اے ایس آئی امیگریشن اسلام آبادایئرپورٹ راشدہ کوثر اورکراچی کے ایک تاجر آصف کو گرفتار کرلیا جبکہ مرکزی ملزم اویس بہرام بلوچ نے حفاظتی ضمانت کرالی ہے۔


ایف آئی اے کے ذرائع نے ایکسپریس انویسٹی گیشن سیل کوبتایاکہ اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سیل کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر اور تفتیشی ٹیم کے سربراہ بابرخان نے دونوں ملزمان کو جسمانی ریمانڈکیلئے جوڈیشل مجسٹریٹ اسلام آباد کی عدالت میں پیش کیا۔ عدالت نے ملزم آصف کا 3 روزہ جسمانی ریمانڈ دیدیا تاہم اے ایس آئی راشدہ کوثرکاجسمانی ریمانڈنہیں دیا اوراسے جیل بھیجنے کاحکم دیا۔ یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ عدالت نے پہلے سے گرفتار ملزم کانسٹیبل شہزادکے جسمانی ریمانڈمیں توسیع کردی ہے۔ملزم نے دوران تفتیش انسانی سمگلنگ میںملوث گروہ سے ایک لاکھ روپے رشوت لینے کااعتراف کیاہے، ملزم کی گرفتاری کیلیے چھاپے کے وقت یہ رقم برآمد ہوئی تھی۔

ذرائع کے مطابق ایف آئی اے ٹیم نے غیرملکی لڑکیوںکوامیگریشن کے بغیر لے جانے کیلئے خودکوحساس ایجنسی کااہلکارکے طورپرمتعارف کرانے والے ملزم مصطفیٰ کاسراغ لگاکراسلام آباد میں گھر پر چھاپا مارا تاہم ملزم وہاں موجود نہیں تھا۔ ملزم کے خاندان نے ایف آئی اے ٹیم کویقین دلایاکہ وہ چندروز میں خودکوقانون کے حوالے کردیگا۔امکان ہے کہ اس ملزم کوبھی جلدگرفتارکرلیاجائیگا۔ذرائع کے مطابق ایف آئی اے کویہ بھی اطلاع ملی ہے کہ دونوں غیرملکی لڑکیاں اسلام آباد میں موجود ہیں۔اس حوالے سے ایف آئی اے کے ڈائریکٹر اسلام آباد زون کیپٹن (ر)ظفراقبال اعوان سے جب رابطہ کیاگیا توانہوں نے ان تفصیلات کی تصدیق کی۔انہوں نے کہا تفتیش درست سمت میں جارہی ہے،ایف آئی اے ٹیم مرکزی ملزم اویس بہرام کی حفاظتی ضمانت منسوخ کرانے کی ہرممکن کوشش کرے گی۔
Load Next Story