پاکستانی جونیئرز بھی بڑوں کے نقش قدم پر چل پڑے

انڈر19ایشیا کپ میں بھارت سمیت گروپ مرحلے میں تمام ٹیموں کو ہرانے والی ٹیم کوسیمی فائنل میں پہلی مات

ٹیم125پر ڈھیر،کسی نے ففٹی نہیں بنائی،بولرز نے8وکٹیں 70رنز پر اڑانے کے بعد حریف کو 147کا مجموعہ حاصل کرنے کا موقع دیا ۔ فوٹو : انٹرنیٹ

ISLAMABAD:
پاکستانی جونیئرز بھی بڑوں کے نقش قدم پر چل پڑے انڈر19ایشیا کپ میں بھارت سمیت گروپ مرحلے میں تمام ٹیموں کو ہرانے والی ٹیم کوپہلی مات ہی سیمی فائنل میں ہوئی،سری لنکا نے 22رنز سے زیر کرلیا،صرف 148رنز کا ہدف بھی پہاڑ بن گیا۔

پوری ٹیم 125پر ڈھیر ہوگئی،کسی نے ففٹی نہیں بنائی، احمد خان 36اور محمد شہزاد30رنز ہی کچھ مزاحمت کرپائے،ٹریوین میتھیو نے4شکار کیے۔اس سے قبل بولرز نے 8وکٹیں 70رنز پر اڑانے کے بعد آئی لینڈرز کو 147کا مجموعہ حاصل کرنے کا موقع دیدیا۔

نویں اور دسویں نمبر کے بیٹرز نے 31،31رنزکی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو بڑی مشکل سے نکالا، ذیشان ضمیرنے4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ دوسرے سیمی فائنل میں بھارت نے بنگلہ دیش کو 103 رنز سے ہرا دیا۔تفصیلات کے مطابق آئی سی سی اکیڈمی گراؤنڈ دبئی میں سیمی فائنل جیتنے کیلیے پاکستان کو148رنز کا آسان ہدف ملا، مگر بیٹنگ لائن ابتدا میں ہی لڑکھڑا گئی،معاذ صداقت کھاتہ کھولنے سے قبل ہی ٹریوین میتھیو کی گیند رانودا سوما رتھنے کے سپرد کرکے رخصت ہوگئے۔

آف اسپنر ٹریوین میتھیو نے اپنے تیسرے اوور میں 2شکار کیے، انھوں نے عبدالواحد بنگلزئی(1) کے بعد اگلی بال پر حسیب اللہ خان(0)کی بیلز بھی فضا میں بکھیر دیں،صرف 10کے اسکور پر 3وکٹیں گرنے سے رنز کی رفتار سست پڑ گئی، بہتری لانے کی کوشش میں کپتان قاسم اکرم(19) نے راوین ڈی سلوا کی گیند پر چمندا وکرما سنگھے کو کیچ دیدیا، محمد شہزاد 30رنز بنانے کے بعد شیون ڈینیئل کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔


عرفان خان(13)کو ڈنتھ ولالیگے نے ایل بی ڈبلیو کیا تو ٹوٹل 70تک ہی پہنچا تھا، رضوان محمد(6) کا ٹریوین میتھیو نے خود ہی کیچ لیا،آخری 3اوورز میں مطلوبہ رن ریٹ 10سے زائد ہوگیا تھا، ایک اینڈ پر بہتر بیٹنگ کا مظاہرہ کرنے والے احمد خان(36) کو ڈنتھ ولالیگے نے ایل بی ڈبلیو کیا تو فتح کی امیدوں پر کاری ضرب لگی،ذیشان ضمیر(2)کو متھیشا پتھیرانا نے ٹریوین میتھیو کی مدد سے دھرلیا۔

اویس علی(2)کو چلتا کرنے کیلیے ڈنتھ ولالیگے نے متھیشا پتھیرانا سے معاونت حاصل کی،پاکستانی اننگز 3 بالز قبل ہی125پر تمام ہوگئی،ارحم نواب 11پر ناٹ آؤٹ رہے،ٹریوین میتھیو 4 اور ڈنتھ ولالیگے3وکٹیں لے اڑے۔یاد رہے کہ ایونٹ کے گروپ مرحلے میں ناقابل شکست پاکستان جونیئرز کو پہلی شکست سیمی فائنل میں ہوئی۔

اس سے قبل یواے ای میں ہی کھیلے جانے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں سینئرز نے بھی بھارت سمیت پانچوں گروپ میچز جیتنے کے بعد آسٹریلیا سے مات کھائی تھی۔قبل ازیں سری لنکا کی اننگز میں شیون ڈینیئل(1)کو احمد خان نے بولڈ کیا،دوسرا شکار بھی پیسر نے کرتے ہوئے انجالا بندرا(13) کو وکٹوں کے پیچھے حسیب اللہ خان کا کیچ بنوا دیا۔

اگلے ہی اوور میں چمندا وکرما سنگھے12رنز بناکر اویس علی کی گیند عرفان خان کے سپرد کربیٹھے،سدیشا راجا پکسا(11)ذیشان ضمیر اور وکٹ کیپر کے گٹھ جوڑ کا شکار ہوئے، رانودا سوما رتھنے8رنز بنا سکے، اویس علی نے انھیں حسیب اللہ خان کا کیچ بنوایا، ذیشان ضمیر نے ایک ہی اوور میں پہلے پون پتھیراجا کو عبدلواحد بنگلزئی، پھر راوین ڈی سلوا(0)کو عرفان خان کی مدد سے رخصت کردیا، پیسر نے اگلے اوور میں ڈنتھ ولالیگے(2)کو عبدلواحد بنگلزئی کا کیچ بنوایا،صرف 70رنز کے سفر میں 8وکٹیں گرنے کے بعد آئی لینڈرز کیلیے سنچری مکمل کرنا بھی مشکل نظر آرہا تھا، متھیشا پتھیرانا نے33گیندوں پر 31رنز بناکر دباؤ ختم کردیا۔

معاذ صداقت نے انھیں ایل بی ڈبلیو کیا، ٹریوین میتھیو(12)کو ارحم نواب نے ایل بی ڈبلیو کیا، یاسیرو روڈریگو31پر ناٹ آؤٹ رہے،سری لنکا نے 44.5اوورز میں 147رنز بنائے۔ذیشان ضمیر4 جبکہ احمد خان اور اویس علی 2،2شکار کرنے میں کامیاب ہوئے۔ دوسرے سیمی فائنل میں بھارت نے بنگلہ دیش کو 103 رنز سے ہرا دیا،شیخ رشید نے ناقابل شکست90 رنز بنائے، فاتح ٹیم جمعے کو ٹرافی کے لیے سری لنکا سے مقابلہ کرے گی۔
Load Next Story