ہتک عزت کیس خواجہ آصف نے وزیراعظم پر جرح ختم کرنے کا فیصلہ چیلنج کردیا

خواجہ آصف کی سیشن عدالت کا فیصلہ چیلنج کرنے کی درخواست سماعت کیلئے مقرر

عمران خان نے شوکت خانم سے متعلق الزامات لگانے پر خواجہ آصف کیخلاف 10 ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا تھا ۔ فوٹو : فائل

لاہور:
(ن) لیگ کے رہنما خواجہ آصف نے ہتک عزت کیس میں وزیراعظم عمران خان پر جرح کا حق ختم کرنے کا فیصلہ چیلنج کردیا۔

خواجہ آصف کی سیشن عدالت کا فیصلہ چیلنج کرنے کی درخواست سماعت کیلئے مقررکردی گئی ہے، اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ کل خواجہ آصف کی درخواست پر سماعت کریں گے۔

وزیراعظم عمران خان نے شوکت خانم سے متعلق معاملات میں الزامات لگانے پر خواجہ آصف کے خلاف 10 ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کر رکھا ہے۔ ایڈیشنل سیشن جج محمد عدنان کی طرف سے وزیراعظم عمران خان کے بیان پر جرح کا حق ختم کردیا گیا۔

خواجہ آصف نے ایڈیشنل سیشن جج محمد عدنان کی طرف سے وزیراعظم عمران خان کے بیان پر جرح کا حق ختم کرنے کا آرڈر اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں :خواجہ آصف کیخلاف کیس میں وزیراعظم ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش


خواجہ آصف نے درخواست میں ایڈیشنل سیشن جج اور عمران احمد خان کو فریق بناتے ہوئے کہا کہ عدالت نے ای کورٹ کے ذریعے وزیراعظم کا بیان وکیل صفائی کی عدم موجودگی میں ریکارڈ کیا، وکیل نے خرابی صحت کے باعث عدالت کو آگاہ کیا تھا کہ وہ 17 دسمبر کو پیش نہیں ہو سکتے، عدالت نے قانون کا حوالہ دیے بغیر جلدبازی میں فیصلہ سنایا، جرح کا حق ختم کرنے کا آرڈر کالعدم قرار دیا جائے۔

واضح رہے کہ عمران خان نے شوکت خانم میموریل اسپتال سے متعلق بیان پر 15 نومبر 2012 کو خواجہ آصف کے خلاف ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا تھا۔

 

 

 
Load Next Story