پی ایس ایل7 کے کورونا پروٹوکولز پر نظرثانی متوقع

 وائرس کا پھیلاؤ جاری رہنے پر تمام میچز ایک ہی وینیو پر کرانے کا امکان

3روزہ قرنطینہ پر اتفاق ممکن،کراؤڈکے حوالے سے فیصلے میں تبدیلی پرغور ۔ فوٹو : فائل

ABBOTABAD:
پی ایس ایل7کے کورونا پروٹوکولز پر نظرثانی کی ضرورت محسوس ہونے لگی جب کہ وائرس کا پھیلاؤ جاری رہنے پر تمام میچز ایک ہی وینیو پر کرانے، قرنطینہ کی مدت 3روز کرنے کا فیصلہ بھی ممکن ہے۔

دنیا بھر میں کورونا کیسز کی تعداد میں اضافے کے باوجود پی سی بی نے فرنچائزز کی مشاورت سے تمام میچز پاکستان میں ہی کرانے کا فیصلہ کیا ہے،کراچی اور لاہور میں مقابلوں کا شیڈول بھی جاری کیا جا چکا۔

این سی او سی کی جانب سے 100فیصد تماشائیوں کو اسٹیڈیم آنے کی اجازت دینے کے ساتھ یہ بھی کہا گیا تھا کہ حالات کو دیکھتے ہوئے اس فیصلے میں تبدیلی بھی ممکن ہے، گذشتہ چند روز کے دوران ملک میں وائرس کے پھیلاؤ میں تیزی آنے کی وجہ کورونا پروٹوکولز میں نظرثانی کی ضرورت محسوس ہونے لگی ہے۔


ذرائع کا کہنا ہے کہ بیک اپ پلان میں یہ تجویز بھی شامل ہے کہ اگر خدانخواستہ معاملات انتہائی سنگین رخ اختیار کرلیتے ہیں تو کسی ایک ہی شہر میں تمام میچز بھی کرائے جاسکتے ہیں،یوں ایک سے دوسرے وینیو کے درمیان سفر اور ہوٹل کی تبدیلی سے وائرس لگنے کے خدشات کو کم کیا جا سکے گا۔

اب تک کی صورتحال کے پیش نظرٹیموں کو کراچی میں بائیو سیکیور ببل میں رپورٹ کرنے کاابتدائی پلان دیاگیا ہے،اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز کے اسکواڈز کو 18 اور 19جنوری کو ہوٹل پہنچنے کی ہدایت دی گئی ہے،دیگر ٹیمیں بھی انہی دنوں میں رپورٹ کریں گی، گھر سے کورونا کلیئرنس کے بعد ہوٹل پہنچنے پر دوبارہ ٹیسٹنگ ہوگی۔

ابتدائی طورپر قرنطنیہ 24گھنٹے کا رکھا گیا ہے جس کو حالات کے پیش نظر 3دن تک بڑھایا جا سکتا ہے، اگلے چند روز میں اس معاملے پر حتمی بات چیت کے بعد پی ایس ایل سے وابستہ تمام افراد کو پرٹوکولز سے آگاہ کردیا جائے گا۔
Load Next Story