پاکستانی فنکاروں کا سانحہ مری پر اظہارِ افسوس
پاکستانی فنکاروں نے مری میں شدید برف باری کے باعث اپنی گاڑیوں میں ٹھٹھر کر جاں بحق ہونے والے سیاحوں پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
مشہور سیاحتی مقام مری میں گزشتہ روز سے شدید برف باری کا سلسلہ برقرار ہے۔ ہزاروں سیاحوں کی ایک ساتھ مری آمد پر ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا جس کی وجہ سے گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔ بعض گاڑیوں میں رات سے پھنسے سیاح دم گھٹنے سے جاں بحق ہوگئے۔
اداکار فیصل قریشی نے سانحہ مری پر ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ برائے کرام جاں بحق سیاحوں کے لیے دعا کریں، مری اور گلیات سے تکلیف دہ ویڈیوز موصول ہو رہی ہیں، انتہائی سخت موسمی حالات میں تقریباً 20 سیاح، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، جاں بحق ہو چکے ہیں۔
اداکار نے کہا کہ جو سیاح وہاں ہیں اللہ ان کی مدد کرے اور انہیں اپنے امان میں رکھے۔
موسیقار مصطفیٰ زاہد نے کہا کہ انتہائی تکلیف دہ خبر کے ساتھ دن کا آغاز ہوا، برائے مہربانی سیاحوں کی تکلیف دہ ویڈیوز شیئر نہ کریں، اللہ ہم سب کی حفاظت کرے اور جو اس سانحے میں وفات پا چکے ہیں ان کے گھر والوں کو صبر دے۔
اداکارہ صبا قمر ٹوئٹر پر لکھتی ہیں کہ مری کی تصاویر دیکھ کر غمگین ہوں، میری ہمدردی اور دعائیں ان لوگوں کے ساتھ ہیں جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا۔
انہوں نے سیاحوں کو درخواست کی کہ سفر کرنے سے قبل موسم کی شدت کا ضرور جائزہ لیں۔