سانحہ مری عوام کو بھی رویہ تبدیل کرنے کی ضرورت ہے شاہد آفریدی
قومی ٹیم کے سابق کپتان اور آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی نے سانحہ مری پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ موسم کی شدت اور الرٹ کے حوالے سے عوام کو بھی اپنا رویہ تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔
شاہد آفریدی نے سانحے سے متعلق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ 'مری میں جو ہوا وہ انتہائی افسوسناک ہے کیونکہ اس میں قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا'۔
انہوں نے اس واقعے کی ذمہ داری انتظامیہ پر عائد کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کی آمد و رفت کو مانیٹر کرنے کی ضرورت تھی، انتظامیہ کے ناکافی انتظامات بھی اس کی سانحے کی ایک وجہ ہیں۔
مری میں جو ہوا انتہائی افسوس ناک ہے قیمتی جانوں کا ضیاع؛ خدا مغفرت فرمائے؛ انتظامیہ کے ناکافی انتظامات؛ لوگوں کی آمد و رفت مانیٹر کرنے ضرورت تھی۔ دوسری طرف موسم کی شدت لیکن عوام کو رویہ تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ الرٹ اور وارننگ کو سنجیدگی سے نہیں لیا جاتا۔ خدا سب پر رحم کرے!
شاہد آفریدی نے کہا کہ دوسری طرف موسم کی شدت کے حوالے سے عوام کو بھی رویہ تبدیل کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ الرٹ اور وارننگ کو سنجیدگی سے نہیں لیا جاتا۔
سابق کپتان نے سانحے میں مرنے والوں کی مغفرت کے ساتھ اللہ سے سب پر رحم کرنے کی دعا بھی کی۔
مزید پڑھیں: مری میں برفباری میں پھنسے 22 سیاح جاں بحق، فوج طلب
واضح رہے کہ گزشتہ شب مری میں تیز ہواؤں کے ساتھ شدید برفباری کے نتیجے میں کم سے کم 22 سیاح مختلف واقعات میں جاں بحق ہوئے جبکہ سیکڑوں وہاں پھنس بھی گئے۔