شاہ لطیف ٹاؤن لاپتہ شخص کے قتل میں ملوث بیوی سمیت 3 ملزمان گرفتار

مقتول کی جسمانی ہڈیاں برآمد کر کے ڈی این اے ٹیسٹ کے لیے لیبارٹری بھجوا دی گئیں

[فائل-فوٹو]

KHAIRUR:
اینٹی وائلنٹ کرائم سیل نے شاہ لطیف ٹاؤن سے لاپتہ ہونے والے شخص کے قتل میں ملوث اس کی بیوی اور آشنا سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پولیس نے ملزمان کی نشاندہی پر ضلع خوشاب پنجاب سے مقتول کی جسمانی ہڈیاں برآمد کر کے ڈی این اے ٹیسٹ کے لیے لیبارٹری بھجوا دی ہیں۔


اینٹی وائلنٹ کرائم سیل پولیس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق شاہ لطیف ٹاؤن کے علاقے سے تقریباً سوا سال قبل 30 ستمبر 2020 کو گل محمد ولد قدرت علی نامی شخص لاپتہ ہوا تھا جس کا مقدمہ نمبر 1200 سال 2021 زیر دفعہ 365/34 کے تحت 6 جولائی 2021 کو درج کیا گیا تھا۔ بعدازاں مقدمے کی تفتیش گزشتہ سال 18 نومبر کو اینٹی وائلنٹ کرائم سیل منتقل کر دی گئی جہاں پولیس نے کیس کا ازسر نو جائزہ لیکر انتہائی حکمت عملی کے تحت واقعہ میں ملوث نہ صرف ملزمان کا سراغ لگایا بلکہ قتل کیے جانے والے مقتول کی باقیات بھی برآمد کرالیں۔

اے وی سی سی پولیس نے گل محمد کے اغوا اور قتل کے الزام میں مقتول کی اہلیہ رابعہ ، آشنا مرتضیٰ اور دوست علی حمزہ کو گرفتار کر کے نشاندہی پر ضلع خوشاب پنجاب کے علاقے سے قتل کے بعد دفنائے گئے مقتول گل محمد کی جسمانی ہڈیاں برآمد کر کے ڈی این اے ٹیسٹ کے لیے لیبارٹری بھجوا دی ہیں جبکہ اغوا کے مقدمے میں قتل کی دفعہ 302 کا اضافہ کر کے ملزمان سے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے ۔
Load Next Story