پاکستان میں فٹبال کو فروغ دینے کے لیے ماہرہ خان سمیت چار شخصیات میدان میں آگئیں
ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان میں فٹبال کو فروغ دینے کیلئے 4 نامور شخصیات میں اداکارہ ماہرہ خان، اداکار احد رضا میر، بلال اشرف اور مشک کلیم گلوبل ساکر وینچرز کی سپورٹ کیلئے میدان میں آنے کا اعلان کیا ہے۔
قبل ازیں جمعرات کے روز وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے فٹبال سے متعلق وژن کو فروغ دینے اور پاکستانی نوجوان میں فٹبال کے کھیل کو ترقی دینے کے لیے گلوبل ساکر وینچرز اور پریمیئر ڈویژن کلب، سینٹ پیٹرک ایتھلیٹک فٹ بال کلب کے درمیان معاہدہ طے پایا تھا۔
جس کے تحت سینٹ پیٹرکس ایتھلیٹک یو ای ایف اے پرو کا لائسنس یافتہ کوچنگ اسٹاف، مائیکل اوون کی زیر نگرانی ملکی سطح پر کامیاب جوان اسپورٹس ڈرائیو پروگرام کے بینر تلے نئے ٹیلنٹ کو تلاش کرنے کے پروگرام کا آغاز کرے گا۔ معاہدے کے تحت ابتدائی طور پرماہرین کی یہ ٹیم پاکستان کے 10 شہروں میں ٹیلنٹ تلاش کرے گی، جن میں اسلام آباد، مظفر آباد، پشاور، لاہور، ملتان، سیالکوٹ، فیصل آباد، کوئٹہ، سکھر اور کراچی شامل ہیں۔
لائسنس یافتہ اسٹاف ملک بھر سے 20 کھلاڑیوں کا انتخاب کرے گا جنہیں فٹبال کی تربیت کے لیے آئرلینڈ کے شہر ڈبلن بھیجا جائے گا، جہاں انہیں اکیڈیمی کے ساتھ، اور ممکنہ طور پر سینٹ پیٹرکس ایتھلیٹک کی فرسٹ ٹیم کے ساتھ کھیلنے اور سیکھنے کا موقع ملے گا۔
پروگرام کے تحت 17جنوری سے5 فروری تک فٹ بال کے شوقین نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کو سامنے لانے کا موقع ملے گا۔