44 جعلی امیدوار بی کام پرائیویٹ کا پرچہ حل کرتے ہوئے پکڑے گئے

اصل امیدوار کی جگہ امتحان دینے والے 13 افرادکی تصاویر جاری،طلبا 3سال کیلیے امتحانی عمل سے خارج

جامعہ کراچی کے بی کام پرائیویٹ امتحانات میں اصل امیدوار کی جگہ پرچہ دینے والے افراد کی جاری کی گئی تصاویر۔ فوٹو: فائل

جامعہ کراچی کی انتظامیہ نے تاریخ میں پہلی بارانتہائی اقدام کرتے ہوئے امتحانات میں اصل امیدوارکی جگہ پرچے حل کرنے والے افراد کے خلاف کارروائی کاآغاز کیاہے اورشعبہ امتحانات نے ڈگری کلاسز کے امتحانات کے دوران اصل امیدوارکی جگہ پرچے حل کرنے والے افرادکی تصاویرجاری کردی ہیں۔

بی کام پرائیویٹ کے امتحانات میں 44 افراد اصل امیدوارکی جگہ پرچہ حل کرتے ہوئے پکڑے گئے ہیں جبکہ شعبہ امتحانات کی جانب سے ان میں سے13افرادکی تصاویرجاری کی گئی ہیں۔





ناظم امتحانات پروفیسر ڈاکٹر ارشد اعظمی کے مطابق بی کام پرائیویٹ کے جاری امتحانات میں44 طلبا اصل طالب علم کی جگہ امتحان دیتے ہوئے پکڑے گئے ہیں جنھیں انضباطی کارروائی کے لیے کیمپس سیکیورٹی آفس کے حوالے کیا گیاہے۔




ناظم امتحانات کے اعلامیے کے مطابق طلبا کو 3 سال کے لیے جامعہ کراچی کے امتحانی عمل سے خارج کردیا جائے گا اور ان طلبا کے لیے جاری کیا جانے والا خارجی خط پاکستان کی تمام نجی وسرکاری جامعات کو بھیج دیا جائے گا۔





پروفیسر ڈاکٹر ارشد اعظمی کے مطابق شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر محمد قیصر کی ہدایت پر تعلیمی نظم وضبط اور امتحانات کی شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی اور نہ ہی اس میں کسی قسم کی مداخلت برداشت کی جائے گی۔
Load Next Story