قلندرز بولنگ ہتھیاروں کی مدد سے شکارکیلیے تیار

کسی اورٹیم کے پاس شاہین،حارث اور راشد خان جیسے بولرز نہیں،عاقب جاوید

کسی اورٹیم کے پاس شاہین،حارث اور راشد خان جیسے بولرز نہیں،عاقب جاوید۔ فوٹو : فائل

ISLAMABAD:
لاہور قلندرز بولنگ ہتھیاروں کی مدد سے شکار کیلیے تیار ہیں جب کہ ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز عاقب جاوید نے کہاکہ کسی اورفرنچائز ٹیم کے پاس شاہین شاہ آفریدی،حارث رؤف اور راشد خان جیسے بولرز نہیں۔

لاہور میں ایک تقریب کے دوران میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے عاقب جاوید نے کہاکہ ڈرافٹ میں کھلاڑیوں کا انتخاب کرتے ہوئے پہلے ممکنہ پلیئنگ الیون اور پھر بیک اپ کو ذہن میں رکھا جاتا ہے،اس کے بعد میدان میں ٹیم کو لڑانے کی باری آتی ہے،ہمیں بہترین ملکی اور غیر ملکی کرکٹرز کی خدمات میسر ہیں، بہتر کمبی نیشن بن گیا، دنیا کی کسی فرنچائز ٹیم کے پاس لاہور قلندرز جیسا بولنگ اٹیک اور شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف و راشد خان جیسے بولرز نہیں، ڈیوڈ ویزا بیٹ اور بال دونوں سے میچ ونر ثابت ہوسکتے ہیں۔


انہوں نے کہا کہ ہمارا پہلا انتخاب فل سالٹ تھے، انگلش ٹیم کے دورہ ویسٹ انڈیز کی وجہ سے ان کی دستیابی ممکن نہ ہوئی تو بین ڈنک ہی موزوں لگے،جارح مزاج آسٹریلوی بیٹر اگرچہ 6ماہ تک مسابقتی کرکٹ سے دور رہے مگر سب جانتے ہیں کہ وہ تن تنہا میچ جتوانے کی صلاحیت رکھتے ہیں،ان کے ٹیلنٹ کو پیش نظر رکھتے ہوئے پاور ہٹنگ کوچ کی ذمہ داری بھی سونپی ہے جس کا اسکواڈ میں شامل دیگر بیٹرزفائدہ اٹھائیں گے۔

عاقب جاوید نے کہا کہ نوجوان کپتان شاہین شاہ آفریدی کی زیرقیادت ٹیم میں انرجی بھی زیادہ دیکھنے کو ملے گی، بطور یونٹ میدان میں صلاحیتوں کا عملی اظہار کرنے میں کامیاب ہوگئے تو ٹائٹل پانے میں کامیاب رہیں گے، امید ہے کہ اس بار پی ایس ایل کی ٹرافی لاہور میں ہی رہے گی۔

شاہین شاہ آفریدی کیلیے جگہ خالی کرنے والے لاہور قلندرز کے سابق کپتان سہیل اختر نے کہا کہ بطور اوپنر یا مڈل آرڈر جہاں بھی ٹیم کی ضرورت کے مطابق موقع دیا گیا اچھی کارکردگی دکھانے کی کوشش کروں گا۔
Load Next Story