منال خان کی شوہرکے ساتھ کرتارپورمیں تصویر پر تنقید

سکھ برادری اورسوشل میڈیا صارفین نے تصویر پر شدید ردعمل دیتے ہوئے جوڑے کوتنقید کانشانہ بنایا ہے

ہمیں مقدس مقامات کا احترام کرنا چاہیے، سوشل میڈیا صارف فوٹوانسٹاگرام

ISLAMABAD:
معروف اداکارہ منال خان اور احسن محسن اکرام نے حال ہی میں سکھوں کے مقدس مقام گوردوارہ دربار صاحب کرتارپور کا دورہ کیا اور وہاں کھینچی گئی اپنی ایک رومانوی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کی ہے جس پر جوڑے کو شدید تنقید کانشانہ بنایا جارہا ہے۔

اداکارہ منال خان اوراحسن محسن جوگزشتہ برس ستمبر میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے۔ سوشل میڈیا پر شیئرکی گئی تصویر میں منال خان گوردوارہ صاحب کے سامنے اپنے شوہر احسن محسن کے ساتھ کافی قریب کھڑی ہوئی ہیں۔

سکھ برادری اورسوشل میڈیا صارفین نے تصویر پر شدید ردعمل دیتے ہوئے جوڑے کوتنقید کانشانہ بنایا ہے۔ ایک صارف طاہررسول نے لکھا ہے ہمیں مقدس مقامات کا احترام کرنا چاہیے۔ چاہے آپ شادی شدہ ہیں یانہیں ،کیا وہ کسی مقدس مقام پر بھی ایسی حرکت سے گریزنہیں کرسکتے؟

ایک اورصارف نے لکھا ہے بیشک آپ میاں بیوی ہیں لیکن آپ کوسکھوں کے اس مقدس مذہبی مقام کا احترام کرناچاہئے، اگرکوئی ایسی حرکت مسجد کے اندرکرتاتوپھراس پر توہین کا فتوی لگ جانا تھا ،کیا یہ توہین نہیں ہے؟




پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی نے بھی شوبزجوڑے کی اس حرکت کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے اس طرح کی حرکات سے مذہبی مقدس مقامات کا احترام مجروح ہوتا ہے۔ یہاں آنے والے کو یہ خیال رکھنا چاہیے کہ گوردوارہ صاحب کوئی سیاحتی اور تفریحی مقام نہیں ہے بلکہ سکھوں کا ایک مقدس مذہبی مقام ہے۔ یہاں آنے والوں کا تعلق کسی بھی مذہب سے ہوانہیں گوردوارہ صاحب کا احترام کرناچاہیے۔

اس سے قبل نومبر 2021 میں ایک ٹک ٹاکر خاتون نے ننگے سر وہاں پر فوٹوشوٹ کیا تھا جس پر کافی تنقید کی گئی تھی۔ ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے گوردوارہ صاحب میں آنے والوں کے لئے ایس اوپیز لاگو کئے گئے تھے ۔ تاہم ایک بار پھر ایسا واقعہ رونما ہوا ہے جس سے سکھوں کے مذہبی جذبات کوٹھیس پہنچی ہے۔

ایس اوپیز میں کہا گیا ہے کہ کوئی بھی فرد مردیا عورت ننگے سرگوردوارہ صاحب میں داخل نہیں ہوگا، کسی فردکو پان، سگریٹ، تمباکو، ماچس، نسوار کے ساتھ گوردوارہ صاحب میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔ گوردوارہ صاحب میں ٹک ٹاکرز کو انتطامیہ کی اجازت کے بغیر ویڈیو یا فوٹوشوٹ کی اجازت نہیں ہوگی اوراس مقدس جگہ کے احترام کا خیال رکھاجائے گا۔
Load Next Story