بلدیاتی قانون کا مسئلہ حل نہ ہوا تو 27 فروری سے بلاول ہاؤس پر پڑاؤ ہوگا سراج الحق

74 سالوں میں ایک بھی دن پاکستان میں اللہ کا نظام نہیں دیکھا، سراج الحق

پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ میں کرپٹ جاگیرداروں کے ٹولے ہیں، سراج الحق کا شرکا سے خطاب

LONDON:
جماعت اسلامی کے سربراہ سراج الحق نے کہا ہے کہ اگر پیپلزپارٹی نے 27 فروری تک بلدیاتی قانون کا مسئلہ حل نہ کیا تو بلاول ہاؤس کے باہر پڑاؤ ڈالا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار سراج الحق نے جماعت اسلامی کے دھرنے کے 24ویں روز شرکا سے خطاب میں کیا۔ امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ میں کرپٹ جاگیرداروں کے ٹولے ہیں، ان ظالم اور جابروں نے قوم کو غلام بنایا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 74 سالوں میں ایک دن بھی اللہ کا نظام نہیں دیکھا، 35 سال اس ملک میں جرنیلوں نے حکومت کی جنہوں نے امریکا اور آئی ایم ایف کے ساتھ وفاداری نبھائی۔ سراج الحق کا کہنا تھا کہ چوبیس دنوں سے کراچی کے لوگ دھرنے پر بیٹھے ہوئے ہیں، چیف جسٹس صاحب نے ابھی تک وزیراعلیٰ کو طلب نہیں کیا، انہیں کیا کچھ نظر نہیں آرہا۔


سراج الحق کا کہنا تھا کہ اتنے سنگدل لوگ کبھی نہیں دیکھے، ستم ظریفی یہ ہے کہ یہ سنگ دل لوگ جمہوریت کے نام پر سیاست کرتے ہیں، یہ سنگ دل جنگل کے درندوں سے بھی بدتر ہیں۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے لیے سندھ کارڈ استعمال کرنے کا وقت چلا گیا، اندر سے پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی ملے ہوئے ہی، دونوں پی ڈی ایم، پی ڈی ایم کھیلتے ہیں۔

سراج الحق نے کہا کہ اس ملک کو حقیقی انقلاب کے ذریعے تبدیلی کی ضرورت ہے، یہ طویل معرکہ اور طویل جدو جہد ہے، دھرنا جتنے زیادہ دن چلے گا پیپلزپارٹی کو اتنا ہی نقصان ہوگا۔

جماعت اسلامی کے امیر نے پی پی چیئرمین بلاول بھٹو کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ 27 فروری کو مارچ کرنے والے بلاول سن لو، اگر 27 فروری سے پہلے پہلے بلدیاتی قانون کا معاملہ حل نہ ہوا تو یہ مارچ بلاول ہاؤس پر پڑاؤ ڈالے گا۔
Load Next Story