ایم کیو ایم ریلی پر پولیس تشدد وفاقی وزرا کی پیپلز پارٹی پر کڑی تنقید

اسد عمر نے کہا کہ جمہوریت کے لبادے میں پیپلزپارٹی کا آمرانہ طرزِ حکومت نہایت قابل مذمت ہے

فواد چوہدری نے ایم کیو ایم پاکستان کے کارکنوں پر شیلنگ اور لاٹھی چارج کو غنڈہ گردی قرار دیا—فائل فوٹو

حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وفاقی وزرا نے کراچی میں بلدیاتی قانون کے خلاف سراپا احتجاج متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنماؤں اور کارکنوں پر بدترین لاٹھی چارج اور شیلنگ کی مذمت کی ہے۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات اسد عمرنے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا کہ جمہوریت کے لبادے میں پیپلزپارٹی کا آمرانہ طرزِ حکومت نہایت قابل مذمت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ستورِ پاکستان شہریوں کو پرامن احتجاج کا حق دیتا ہے، طاقت کے استعمال کے ذریعے حق اختلاف کو دبانے کی پیپلز پارٹی کی روش شرمناک ہے۔



علاوہ ازیں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے ایم کیو ایم پاکستان کے کارکنوں پر شیلنگ اور لاٹھی چارج کو غنڈہ گردی قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان کے پر امن احتجاج پر سندہ حکومت کی غنڈہ گردی کی شدید مذمت کرتے ہیں، ایسے وقت میں جب پی ایس ایل جیسا ایونٹ ہونے جا رہا ہے اس پر تشدد واقعے کا کوئی جواز نہیں تھا۔


فواد چوہدری نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی سندہ کی لیڈرشپ اس واقع کا بغور جائزہ لے رہی ہے اور ہماری تمام حمایت ایم کیو ایم پاکستان کے ساتھ ہے۔



 

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ایما پر ایم کیو ایم پاکستان کے ورکرز پر بدترین شدد کیا۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کے جمہوریت سے متعلق لیکچر بے سود ہیں۔

Load Next Story