ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کا میلہ سج گیا رنگا رنگ افتتاحی تقریب
پاکستان سپرلیگ کے 7ویں سیزن کا رنگا رنگ آغاز کردیا گیا، کورونا کے باعث افتتاحی تقریب کو انتہائی مختصر رکھا گیا۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل کے ساتویں ایڈیشن کا آغاز کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہوا، کورونا کیسز سامنے آنے کے باعث افتتاحی تقریب کو مختصر رکھا گیا۔
تقریب کے آغاز پر چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے 1950 سے 2022 تک پاکستان کرکٹ کی 70سالہ تاریخ پر مختصر روشنی ڈالی گئی، اور قومی ہیروز کو خراج تحسین پیش کیا۔
بعد ازاں عالمی شہرت یافتہ پیرا شوٹ ایتھلیٹس فلورینٹ ڈریگیئر، پال اشٹائنر اور اسٹیفن میولر نے پیراگلائیڈنگ کا شاندار مظاہرہ کر کے اسٹیڈیم میں لینڈنگ کی، جس کی ویڈیو پاکستان سپرلیگ کے آفیشل ٹویٹر سے بھی جاری کی گئی ہے۔
بعد ازاں گلوکار عاطف اسلم اور آئمہ بیگ نے پی ایس ایل 7 کے آفیشل گانے پر پرفارمنس دی۔ جس پر اسٹیڈیم میں بیٹھے شائقین نے خوب ہلہ گلہ کیا۔
بعد ازاں وزیراعظم عمران خان کا ویڈیو پیغام اسکرین پر دکھایا گیا جس میں انہوں نے پی ایس ایل 7 کا باقاعدہ آغاز کیا، جس کے ساتھ ہی آسمان شاندار آتشبازی سے جگمگا اٹھا۔
افتتاحی تقریب کے بعد دفاعی چیمپئن ملتان سلطانز اور میزبان کراچی کنگز کی ٹیمیں رات 8 بجے مدمقابل آئیں گی۔ بابر اعظم کراچی کنگز جبکہ محمد رضوان دفاعی چیمپئن ملتان سلطانز کی قیادت کریں گے۔
نیشنل اسٹیڈیم کے باہر تیاریاں
ایچ بی ایل پی ایس ایل میچز کے تناظر میں نیشنل اسٹیڈیم میں تیاریوں کو حتمی شکل دی گئی جبکہ میدان کے درمیان کی پچز کو ٹاکروں کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ چیئرمین پی سی بی کی خصوصی ہدایت پر ٹریکس کو اسپورٹنگ رکھنے کی کوشش کی گئی ہے۔
اسٹیڈیم کی تزیئن و آرائش میں کوئی کسر نہیں چھوڑی گئی جبکہ اسٹیڈیم کو برقی قمقموں اور اطراف کی سڑکوں پر فلڈ لائٹس روشن کردی گئیں ہیں۔
سیکیورٹی انتظامات
سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے اسٹیڈیم کے گرد حفاظتی حصار تو کئی روز قبل ہی قائم کردیا گیا تھا، جس کو اب مزید مضبوط بنا دیا گیا ہے، جہاں رینجرز اور پولیس کے مستعدد اہلکار تعینات ہیں جبکہ ہوٹل سے اسٹیڈیم تک روٹس کی بھی کڑی نگرانی کی جارہی ہے۔
واضح رہے کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کے دوران 6 ٹیموں کے درمیان مجموعی طور پر 34 میچز کھیلے جائیں گے، جن میں سے 15 کراچی اور لاہور میں 19 میچز کا انعقاد کیا جائے گا۔ پاکستان سپرلیگ 7 کا میلہ 27 فروری تک جاری رہے گا۔