وزیراعظم کے دورہ چین کا بنیادی مقصد اولمپکس میں شریک ہونا ہے وزیر خارجہ

کچھ ممالک نے اولمپکس کا بائیکاٹ کیا ہے، پاکستان اور چین نے ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا، شاہ محمود قریشی

کچھ ممالک نے اولمپکس کا بائیکاٹ کیا ہے، پاکستان اور چین نے ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا، شاہ محمود قریشی

وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے دورہ چین کا بنیادی مقصد اولمپکس میں شریک ہونا ہے، کیونکہ کچھ ممالک نے اولمپکس کا بائیکاٹ کیا ہے، پاکستان اور چین نے ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے وزیر اعظم عمران خان کے متوقع دورہ چین کے حوالے سے اہم بیان میں کہا کہ سرمایہ کاری کے حجم میں اضافے اور معاشی استحکام کیلئے ہم نے ایک خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دی، جس کی کئی نشستیں ہوئیں جن کی سربراہی وزیر اعظم عمران خان نے خود فرمائی، ان نشستوں میں تفصیلی مشاورت ہوئی ، اب ہم نے اپنی حکمت عملی وضع کی ہے، جس کی بنیاد پر ہم چین کی قیادت سے رابطہ کریں گے، دورہ چین کے دوران چینی صدر اور وزیر اعظم سے ملاقات ہوگی۔


شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان 3 سے پانچ فروری کو چین کا دورہ کریں گے، ہماری خارجہ پالیسی کا فوکس اقتصادی سفارت کاری پر ہے جس سے معاشی استحکام اور عام آدمی کی خوشحالی مقصود ہے، اس مقصد کے حصول کیلئے یقیناً سرمایہ کاری اور دو طرفہ تجارت خصوصی اہمیت کی حامل ہیں۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ان سب موضوعات پر گفتگو ہو گی لیکن دورہ چین کا بنیادی مقصد چین میں منعقدہ اولمپکس میں شریک ہونا ہے، کچھ ممالک نے اولمپکس کا بائیکاٹ کیا ہے، پاکستان اور چین نے ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے، دورہ چین کا بنیادی مقصد اظہار یکجہتی ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ سائیڈ لائن پر ملاقاتیں اور گفت و شنید بھی ہو گی۔

شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ ہم گزشتہ دو سالوں سے کورونا کی فضا میں کام کر رہے ہیں، کورونا نے انسانوں کے ساتھ ساتھ معیشتوں کو بھی بری طرح متاثر کیا ہے۔
Load Next Story