وزیراعظم کی شہزاداکبر سے ناراضگی کی وجہ نوازشریف کواور پیسے واپس نہ لانا ہے شیخ رشید

اپوزیشن چاہتی ہے عمران خان اوراسٹیبلشمنٹ کے تعلقات خراب ہوں، شیخ رشید

نوازشریف سب کی آنکھوں میں دھول جھونک کرملک سے باہرگئے،شیخ رشید:فوٹو:فائل

وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی شہزاد اکبرسے ناراضگی کی وجہ نوازشریف کو اورپیسے واپس نہ لانا ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کوانٹرویو میں وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی شہزاداکبر سے ناراضگی کی وجہ نوازشریف اورپیسے واپس نہ لانا ہے۔

شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ اربوں کی کرپشن ہوئی۔ ایک ایک ملازم کے اکاؤنٹ سے 4،4 ارب روپے برآمد ہوئے۔ صرف شہبازشریف پر16 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کا الزام ہے لیکن ہم یہ پیسے بھی واپس نہ لاسکے۔احتساب کے عمل میں ہر جگہ بہتری کی گنجائش ہے۔ ہمیں کیسز اچھے تیار کرنے کی ضرورت ہے۔عمران خان میں ارادے کی کمی نہیں ہے وہ کہتے ہیں کہ این آر او دینا غداری ہو گی۔

وزیرداخلہ نے کہا کہ فوجی قیادت نے منتخب حکومت کے ساتھ کھڑے رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔سول حکومت اورفوج کے درمیان چھوٹے چھوٹے اختلافات ہوسکتے ہیں لیکن ایسا نہیں کہ وہ ایک صفحے پرنہ ہوں۔


شیخ رشید نے مزید کہا کہ اپوزیشن چاہتی ہے کہ عمران خان اورفوجی قیادت کے تعلقات خراب ہوں لیکن نہ اسٹیبلشمنٹ بھولی ہے اور نہ ہی عمران خان بھولا ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ ساڑھے 3 سال سے نوازشریف کوواپس لانے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہیں بھیجنا ہماری غلطی تھی۔ نوازشریف سب کی آنکھوں میں دھول جھونک کرباہرجانے میں کامیاب ہوگئے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ ان افراد کوواپس لایا جائے جوپاکستان میں عدالتوں اورحکومت کو مطلوب ہیں تاہم متعدد کوششوں کے باجود اسحاق ڈار کی واپسی کوممکن نہیں بنایا جاسکا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ آئندہ 2 ماہ تک ملک میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافے کا خدشہ ہے تاہم دہشتگردی کی اس تازہ لہر پر قابو پا لیا جائے گا۔
Load Next Story