پی ایس ایل 7 محمد رضوان کی شاندار بیٹنگ کی بدولت ملتان سلطانز کا فاتحانہ آغاز
پاکستان سپر لیگ 7 کے پہلے میچ میں کپتان محمد رضوان کی شاندار بیٹنگ کی بدولت ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر فاتحانہ آغاز کردیا۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل کے پہلے میچ کا ٹاس ملتان سلطانز کے حق میں رہا جس کے بعد سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے پہلے بولنگ کا اعلان کیا۔
کراچی کنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ بیس اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 124 رنز اسکور کیے اور ملتان سلطانز کو جیت کے لیے 125 رنز کا ہدف دیا۔
ملتان سلطانز نے ہدف کے تعاقب میں بیٹنگ کا آغاز کیا تو محمد رضوان اور شان مسعود کریز پر آئے، 38 کے مجموعی اسکور پر شان مسعود آؤٹ ہوکر پویلین لوٹے تو صہیب مقصود اور کپتان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور اسکور کو 100 تک پہنچایا۔
بعد ازاں صہیب مقصود 101 کے مجموعی اور 30 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوکر پویلین روانہ ہوئے، نئے آنے والے کھلاڑی روسو صرف دو رنز بنا سکے۔ اس دوران کپتان محمد رضوان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 1 چھکے اور پانچ چوکوں کی مدد سے نصف سنچری مکمل کی۔
5️⃣2️⃣* (47)
ٹم ڈیوڈ اور رضوان نے 22 رنز کی شراکت داری کر کے اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروایا۔
کراچی کنگز اننگز
کراچی کنگز کے جانب سے شرجیل خان اور بابر اعظم نے اننگز کا آغاز کیا۔ کراچی کنگز کی پہلی وکٹ دسویں اوور کی دوسری گیند پر 66 کے مجموعی اسکور پر گری، شرجیل خان عمران سینئر کی گیند پر شعیب مقصود کے ہاتھوں 43 رنز پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
بعد ازاں 71 کے مجموعی اسکور پر کپتان بابر اعظم 23 رنز بنا کر خوش دل شاہ کی گیند پر آؤٹ ہوئے، محمد نبی 16ویں اوور میں 103 کے مجموعی اسکور پر پویلین روانہ ہوئے، ٹام بھی اسی اوور میں 2 رنز اضافے کے بعد پویلین لوٹے، جس کے بعد کلارک آئے جو 110 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔
لیوس گریگری نے 14 رنز اسکور کر کے مجموعی اسکور 124 تک پہنچایا۔ کراچی کنگز مقررہ اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 124 رنز اسکور کرسکی۔
کراچی کنگز کی جانب سے شرجیل خان 43 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے جبکہ بابر اعظم 23، جو کلارک 26 اور گریگری 14 رنز بنا سکے، ملتان کی طرف سے عمران طاہر نے چار اوورز میں 16 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے اوپنر شرجیل خان، محمد نبی اور ٹام لمبونی کو شکار بنایا۔
سلطانز کے شاہ نواز دھانی اور خوشدل شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
ملتان سلطانز اننگز
ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کی جانب سے شان مسعود اور کپتان محمد رضوان نے اننگز کا آغاز کیا، شان مسعود 18 گیندوں پر 2 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 26 کے انفرادی اور 38 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹے۔
بعد ازاں محمد رضوان اور صہیب مقصود نے 63 رنز کی شراکت داری قائم کر کے ٹیم کی پوزیشن مستحکم کی، 15ویں اوور کی پہلی گیند پر صہیب مقصود 30 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ نئے آنے والے بلے باز روسو دو رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ دوسرے اینڈ پر موجود ٹیم ڈیوڈ کے ساتھ رضوان نے 24 رنز کی شراکت داری قائم کر کے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا۔
محمد رضوان ناقابل شکست اننگز کھیل کر 52 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے جبکہ صہیب مقصود تیس رنز اور شان مسعود 26 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔ کراچی کنگز کی جانب سے محمد نبی 2 اور محمد الیاس ایک وکٹ حاصل کرسکے۔
کراچی کنگز اسکواڈ
بابر اعظم (کپتان)، شرجیل خان، جو کلارک، محمد نبی، ٹام لیمونبی، لوئس گریگری، عامر یامین، محمد عمران جونیئر، طحہٰ خان، عمید آصف اور محمد الیاس شامل ہیں۔
ملتان سلطانز اسکواڈ
محمد رضوان (کپتان)، شان مسعود، صہیب مقصود، رلی روسو، خوش دل شاہ، ٹم ڈیوڈ، ڈیوڈ ولی، عمران طاہر، عمران خان سینئر، شاہنواز دھانی اور احسان اللہ شامل ہیں۔