چاہے کچھ بھی کرلیں نوازشریف واپس نہیں آئیں گے چوہدری شجاعت

حکومت سابق وزیر اعظم کی واپسی کے معاملے سے باہر نکل جائے اور عوامی مسائل پر توجہ دے، صدر مسلم لیگ (ق)

انہوں نے کہا کہ حکومت عوامی مسائل پر توجہ دے—فائل فوٹو

مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے حکومت کو عوامی مسائل پر توجہ دینے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ چاہے کچھ بھی کرلیں لیکن مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف ملک واپس نہیں آئیں گے اس لیے ان کی واپسی کے معاملے سے باہر نکل جائیں۔

چوہدری شجاعت حسین نے زور دیا کہ عوامی مسائل کو نظرانداز کرکے نواز شریف کی واپسی کے معاملے پر توجہ رہی تو پھر ملک کا اللہ ہی حافظ ہے کیونکہ یہ سال حقیقی معنوں میں کام کرنے کا سال ہے جبکہ جتنے پیسوں کا الزام نواز شریف پر ہے اس سے کہیں زیادہ مقدمے بازی پر خرچ کردیے گئے ہیں۔


صدر مسلم لیگ (ق) نے واضح کیا کہ جو خود وزارت عظمیٰ کا امیدوار ہو وہ نواز شریف کو واپسی کا کہے تو یہ مضحکہ خیز بات ہے، کوئی پارٹی یا کسی پارٹی کا لیڈر مہنگائی کے سدباب کے لیے پارلیمنٹ میں منصوبہ پیش کرے تو اپنے ارکان سے ان کی بات سننے کا کہوں گا۔

انہوں نے حکمراں جماعت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد کی واپسی کے لیے ضمانت کی بات کرتے ہیں تو یہ بات بھولنی نہیں چاہیے کہ زندگی اور موت کی کوئی گارنٹی نہیں دے سکتاکیونکہ اس کا اختیار صرف اللہ کے پاس ہے۔

مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت نے کہا کہ ان دنوں لیڈر ایک دوسرے کی ٹانگیں کھینچنے میں مصروف ہیں جس کا انجام عنقریب وہ خود دیکھ لیں گے۔
Load Next Story