شاہ رخ کے بعد نواز الدین صدیقی نے بھی ممبئی میں اپنے خوابوں کا گھر بنالیا

نوازالدین صدیقی کا بنگلہ '’نواب'‘ شاہ رخ خان کے ’'منت'‘ سے کم نہیں لگتا

نواز الدین صدیقی 1999 میں پہلی بار عامر خان کی فلم ’’سرفروش‘‘ میں انتہائی مختصر کردار میں نظر آئے تھے فوٹو فائل

کراچی:
بالی ووڈ کے ورسٹائل اداکار نواز الدین صدیقی نے خوابوں کے شہر ممبئی میں اپنے خوابوں کا گھر بنالیا۔

نوازالدین صدیقی کا شمار ان اداکاروں میں ہوتا ہے جنہوں نے بالی ووڈ میں طویل جدوجہد کے بعد پہچان حاصل کی۔ اور اپنی انتھک محنت کی بدولت آج ایک چھوٹے سے شہر کے غیر معروف شخص سے بھارتی فلم انڈسٹری کے سپر اسٹار کا درجہ حاصل کیا۔

بالی ووڈ میں تقریباً دو دہائیوں تک اپنی اداکاری سے خود کو منوانے والے نواز الدین صدیقی نے بالآخر ممبئی میں اپنے خوابوں کا گھر بنا ہی لیا۔ انہوں نے اپنے گھر کا نام اپنے والد کے نام پر ''نواب'' رکھا ہے۔



اداکار نے سوشل میڈیا پر اپنے گھر کی جھلکیاں شیئر کی ہیں جو کسی حد تک ان کے آبائی شہر مظفر نگر بدھانا میں موجود ان کے پرانے گھر سے متاثر ہے۔ نواز الدین صدیقی کا عالیشان سفید گھر کسی خوبصورت محل کی طرح ہے۔


اس کی تزئین و آرائش میں اداکار کو تین سالوں کا عرصہ لگا اور دلچسپ بات تو یہ ہے کہ اپنے گھر کی سجاوٹ کے لیے نوازالدین صدیقی نے انٹیریئر ڈیزائنر کا کردار بھی خود ہی نبھایا۔

سوشل میڈیا پر نوازالدین صدیقی کے عالیشان گھر ''نواب'' کا بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے گھر ''منت'' سے موازنہ کرتے ہوئے کہا جارہا ہے کہ ''نواب'' شاہ رخ خان کے ''منت'' سے کم نہیں لگتا۔



ماضی میں رات میں چوکیدار کا کام کرنے والے نواز الدین صدیقی 1999 میں پہلی بار عامر خان کی فلم ''سرفروش'' میں انتہائی مختصر کردار میں نظر آئے تھے، یہاں تک کہ فلم میں انہیں کسی نے نوٹس بھی نہیں کیا تھا۔ لیکن آج نواز الدین صدیقی بالی ووڈ کے سپراسٹار ہیں بالکل شاہ رخ خان کی طرح۔

واضح رہے کہ نواز الدین صدیقی کے عالیشان گھر کی قیمت فی الحال منظر عام پر نہیں آئی ہے۔

Load Next Story