انار کلی بم دھماکے کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی تشکیل

جے آئی ٹی کی سربراہی ایس پی سی ٹی ڈی نصیب اللہ کریں گے

جے آئی ٹی کی سربراہی ایس پی سی ٹی ڈی نصیب اللہ کریں گے - فوٹو:فائل

لاہور:
محکمہ داخلہ پنجاب نے رواں ماہ ہونے والے انار کلی بم دھماکے کی تحقیقات کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دے دی۔

محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ مشترکہ تحقیقاتی کمیٹی کی سربراہی ایس پی سی ٹی ڈی نصیب اللہ کریں گے۔

علاوہ ازیں کمیٹی میں ڈی ایس پی اشرف چدھر، انسپکٹر منیر احمد، آئی بی اور دیگر تحقیقاتی اداروں کے افسران بھی شامل ہیں۔


یہ بھی پڑھیں: انار کلی بازار میں دھماکے سے بچے سمیت 3 افراد جاں بحق، 29 زخمی

رواں ماہ 20 جنوری کو نیو انار کلی بازار میں بم دھماکے کے نتیجے میں ایک بچے سمیت 3 افراد جاں بحق اور 29 زخمی ہوئے تھے۔

پنجاب پولیس نے بم دھماکے کے بعد شک کی بنیاد پر 6 افراد کو حراست میں لیا تھا تاہم انہیں پوچھ گچھ کے بعد رہا کردیا گیا تھا۔

ایکسپریس نیوز کو تفتیشی ذرائع سے ملنے والی اطلاع کے مطابق تفتیشی ٹیمیں تاحال دہشت گردوں کا سراغ لگانے میں ناکام ہیں اور انہیں اب تک اس حوالے سے کوئی بڑی پیشرفت حاصل نہیں ہوسکی۔
Load Next Story