جیکب آباد ریلوے ٹریک پر دھماکے سے خوشحال خان ایکسپریس کی 3 بوگیاں اتر گئیں 8 مسافر جاں بحق

خوشحال خان خٹک ایکسپریس کراچی سے پشاور جا رہی تھی ٹھل ریلوے اسٹیشن کے قریب ریلوے ٹریک پر دھماکہ ہو گیا۔

ابتدائی معلومات کے مطابق دھماکہ خیز مواد پٹری پر نصب کیا گیا تھا جسے ریموٹ کنٹرول ڈیوائس کی مدد سے اڑایا گیا، پولیس۔ فوٹو؛ ایکسپریس

ٹھل ریلوے اسٹیشن کے قریب ریلوے ٹریک پر دھماکے سے خوشحال خان خٹک ایکسپریس کی 3 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں جبکہ ایک ہی خاندان کے 4 بچوں سمیت 8 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق خوشحال خان خٹک ایکسپریس کراچی سے پشاور جا رہی تھی کہ سندھ اور بلوچستان کے سرحدی علاقے جیکب آباد میں ٹھل ریلوے اسٹیشن کے قریب پٹری پر دھماکہ ہو گیا جس کے نتیجے میں ٹرین کی 3 بوگیاں پٹری سے نیچے اتر گئیں جبکہ ایک ہی خانداد کے 4 بچوں سمیت 8 مسافر جاں بحق اور 30 سے زائد زخمی ہو گئے، امدادی ٹیموں کے اہلکاروں نے زخمیوں کو ٹھل اور تنگوانی کے اسپتالوں میں منتقل کر دیا ہے۔ دھماکے کے باعث مسافروں میں خوف و ہراس پھیل گیا جب کہ ریلوے ٹریک پر گڑھا پڑنے کی وجہ سے ٹرینوں کی آمدورفت کو معطل کر دیا گیا ہے جب کہ مسافروں کو ان کی منزل پر روانہ کرنے کے لئے روہڑی سے ایک ریلیف ٹرین روانہ کر دی گئی ہے۔


پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق دھماکہ خیز مواد پٹری پر نصب کیا گیا تھا جیسے ہی ٹرین قریب پہنچی تو ریموٹ کنٹرول ڈیوائس کی مدد سے دھماکہ کر دیا گیا تاہم مکمل تحقیقات کے بعد ہی کوئی حتمی بیان جاری کیا جا سکے گا۔

وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے ریلوے ٹریک پر دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ریلوے حکام کو امدادی کارروائیاں تیز کرنے کا حکم دیا ہے۔ خواجہ سعد رفیق نے ڈی جی ریلوے سے واقعے کی رپورٹ بھی طلب کر لی ہے۔
Load Next Story