صحافی حسنین شاہ کو لین دین کے معاملے پر قتل کیا گیا ڈی آئی جی آپریشنز

گرفتار ملزم فرحان شاہ نے عامر بٹ کے کہنے پر شوٹر کو 5 لاکھ کے عوض ہائیر کیا، ڈی آئی جی آپریشنز

واردات کی ساری پلاننگ گرفتار ملزم عامر بٹ نے کی، ڈی آئی جی۔ فوٹو:سوشل میڈیا

ISLAMABAD:
ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر عابد خان کا کہنا ہے کہ سینئر صحافی حسنین شاہ کو لین دین کے معاملے پر قتل کیا گیا۔

ڈی آئی جی آپریشنز عابد خان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سی سی پی او لاہور کا کہنا تھا کہ پانچ روز قبل قتل ہونے والے سینئر صحافی حسنین شاہ کے قتل میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر عابد خان نے کہا کہ صحافی حسنین شاہ کا قتل ایک انتہائی افسوناک واقعہ تھا، جس کی وجہ سے صحافی برداری اور لاہور کے شہریوں میں خوف و ہراس پھیلا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: نامعلوم افراد کی فائرنگ سے صحافی جاں بحق


ڈاکٹر عابد خان نے کہا کہ لاہور پولیس کے افسران نے جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے شب و روز انتھک محنت کرکے اندھے قتل میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے زیر استعمال گاڑی اور اسلحہ کو برآمد کیا۔ عامر بٹ اور مقتول صحافی کے لین دین کے معاملے میں شدید تلخ کلامی ہوئی، جس کی رنجش کی بناء پر گرفتار ملزم عامر بٹ نے اپنے بھائی شاہد بٹ اور دوست فرحان شاہ کے ساتھ مل کر قتل کرنے کا منصوبہ بنایا، واردات کی ساری پلاننگ گرفتار ملزم عامر بٹ نے کی۔

ڈی آئی جی آپریشنز نے بتایا کہ عامر بٹ نے حیدر شاہ کو بذریعہ گاڑی شوٹر کو پہنچانے اور امجد پاشا کو اسلحہ فراہم اور مقتول کی نشاندہی کی ذمہ داری دی، گرفتار ملزم فرحان شاہ نے عامر بٹ کے کہنے پر شوٹر کو 5 لاکھ کے عوض ہائیر کیا، واقعہ میں ملوث شوٹرز سابقہ ریکارڈ یافتہ ہیں، وقوعہ میں استعمال ہونے والی گاڑی کار LE-12-5578، موٹر سائیکل نمبر CD-70-LEL-18/C 7737 برآمد کرلی گئی ہے، گرفتار ملزمان میں عامر بٹ مالک گولڈ ایشیا جیولر، فرحان شاہ،امجد پاشا، سید حیدر عباس شامل ہیں، مفرور ملزمان زین عرف عبداللہ (شوٹر)، یاسر عر ف رگو(شوٹر)، سید طاہر شاہ، شاہد بٹ(بھائی عامر بٹ)، مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لئے ٹیمیں کوشش کر رہی ہیں تمام وسائل کو بروئے کار لایا جارہا ہے۔

ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر عابد خان نے کہا کہ لاہور پولیس شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لئے ہمہ وقت موجود ہے، اس کار خیر کو انجام دینے کے لیے تمام کو ششیں عمل میں لائی جائیں گی۔
Load Next Story