خیبرپختونخوا پہلے مرحلے کے ملتوی شدہ بلدیاتی انتخابات 13 فروری کو منعقد کرنے کا اعلان

پہلے مرحلے کی ری پولنگ سمیت کسی بھی وجہ سے ملتوی ہونے والے الیکشن 13 فروری کو ہوں گے

فائل فوٹو

KURIANWALA:
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبرپختونخوا میں کسی بھی وجہ سے ملتوی ہونے والے بلدیاتی انتخابات 13 فروری کو منعقد کرنے کا اعلان کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق صوبائی الیکشن کمیشن خیبرپختونخوا کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ 13 فروری کو بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کی ری پولنگ سمیت کسی بھی وجہ سے ملتوی ہونے والے الیکشن کا انعقاد کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: خیبرپختونخوا بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کا شیڈول جاری


صوبائی الیکشن کمیشن کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 13 فروری کو ہونے والے انتخابات کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے جائیں گے۔

اس ضمن میں خیبرپختونخوا الیکشن کمیشن نے آئی جی خیبرپختونخوا، صوبائی وزیر داخلہ سمیت دیگر متعلقہ حکام کو مراسلہ بھی ارسال کردیا جبکہ پولیس کو بارہ فروری تک سیکیورٹی انتظامات کی تیاری کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: خیبرپختون خوا میں بلدیاتی انتخابات کے دوران فوج تعینات کرنے کا فیصلہ
واضح رہے کہ پہلے مرحلے میں خیبرپختون خواہ کے 17 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد کیا گیا تھا، جس میں وفاقی اور صوبائی حکومتی جماعت تحریک انصاف کو بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ جمعیت علما اسلام پاکستان (فضل الرحمان گروپ) نے حیران کن نتائج دیے تھے، ڈیرہ اسماعیل خان میں امیدوار کے قتل اورہنگامہ آرائی کی وجہ سے پہلے مرحلے میں مختلف یونین کونسلز میں انتخابات کو ملتوی کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔

بعد ازاں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبرپختونخوا میں دوسرے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات کو جنوری سے مؤخر کر کے پولنگ 27 مارچ کو کروانے کا اعلان کیا اور شیڈول جاری کیا تھا، جس میں بتایا گیا تھا کہ امیدواروں کے کاغذات نامزدگی 7 سے 11 فروری تک جمع کرائے جا سکیں گے جبکہ انتخابی نتائج کا اعلان یکم اپریل 2021 کو کیا جائے گا۔
Load Next Story