اوگرا ریفرنس گیلانی کل احتساب عدالت میں پیش ہونگے

یک طرفہ کارروائی کے خدشے پرقانونی ماہرین کے مشورے پرپیش ہونے کا فیصلہ کیا، ذرائع

ریفرنس میں اختیارات کے ناجائزاستعمال کا کوئی ٹھوس ثبوت نہیں،گیلانی کے وکلا کی رائے۔ فوٹو: فائل

لاہور:
سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کل18 فروری کواوگرا ریفرنس میں احتساب عدالت اسلام آبادمیں پیش ہونگے۔


نیب نے سابق وزرائے اعظم یوسف رضاگیلانی اورراجاپرویز اشرف کو اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزام میں ملزم نامزد کیا ہے ۔ نیب نے الزام عائد کیاکہ دونوں سابق وزرائے اعظم نے اوگراکے سابق چیئرمین توقیرصادق کے تقررمیں رولز کی خلاف ورزی اوراختیارات کا ناجائز استعمال کیا تھا۔ راجاپرویز اشرف اس ریفرنس میں عدالت پیش ہوگئے تھے لیکن یوسف رضاگیلانی پیش نہیں ہوئے تھے جس پرعدالت نے انھیں18 فروری (بروز منگل)کوطلب کیاتھا۔ یوسف رضا گیلانی اس سے پہلے نیب کی جانب سے اس ریفرنس کی تحقیقات کے دوران نیب ہیڈکواٹرزمیں بھی پیش نہیں ہوئے تھے اور3بار سمن کی عدم تعمیل کرتے ہوئے موقف اختیارکیا تھا کہ بیان ریکارڈ کرانے کیلیے نیب کوانھیں طلب کرنے کااختیار نہیں اورانھیں بطور سابق وزیر اعظم استثنیٰ حاصل ہے۔

ذرائع کے مطابق یوسف رضا گیلانی نے ریفرنس دائر ہونے کے بعداحتساب عدالت میں بھی پیش نہ ہونے کاموقف اختیار کیاتھالیکن پیپلزپارٹی کے سینئرقانونی ماہرین نے ان کومشورہ دیاکہ وہ عدالت میں پیش ہوں ان کے خلاف دائر ریفرنس میں اختیارات کے ناجائزاستعمال کاکوئی ٹھوس ثبوت نہیں،ماہرین نے یہ بھی کہا تھا کہ عدالت میں پیش نہ ہونے سے ان کیخلاف یک طرفہ کارروائی ہو سکتی جس سے ان کے سیاسی مستقبل میں مزید مشکلات پیش آ سکتی ہیں۔اس پریوسف رضاگیلانی نے کل18فروری کوعدالت میں پیش ہونے کافیصلہ کیاہے۔

Recommended Stories

Load Next Story