پی ٹی آئی کی خاتون ایم این اے پر فائرنگ کرنے والے شوہر کے خلاف مقدمہ درج

ملزم نے پسٹل میرے سر پر تان لیا اور گولی چلائی لیکن میں نے بھاگ کر اپنی جان بچائی، جویریہ ظفر کا بیان

مقدمہ خاتون ایم این اے جویریہ ظفر کی مدعیت، میں درج کیا گیا۔ فوٹو:ایکسپریس

کراچی:
تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی پر فائرنگ کرنے والے ان کے شوہر حیدرعلی کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پی ٹی آئی کی خاتون ایم این اے اور پارلیمانی سیکریٹری اورسیز پاکستانیز جویریہ ظفر پر گزشتہ روز پارلیمنٹ لاجز میں فائرنگ کی گئی، تاہم خوش قسمتی سے وہ بچ گئیں، جب کہ رکن قومی اسمبلی نے انکشاف کیا کہ ان پر فائرنگ کرنے والا کوئی اور نہیں ان کا شوہر حیدر علی ہے۔

واقعے کے حوالے سے اسلام آباد کے تھانہ ویمن میں خاتون رکن پارلیمنٹ جویریہ ظفر کی مدعیت میں شوہر حیدر علی کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، جس میں ایم این اے جویریہ ظفر نے بیان دیا ہے کہ فائرنگ ان کے شوہر نے کی، ملزم نے پسٹل میرے سر پر تان لیا اور گولی چلائی لیکن میں نے بھاگ کر اپنی جان بچائی، اور گولی دیوار پر لگی۔


جویریہ ظفر نے اپنے بیان میں بتایا کہ ان کا اور حیدر علی بلوچ کا نکاح 6 ماہ قبل ہوا تھا، تاہم میرے شوہر نے معمولی بات پر جھگڑا شروع کردیا، جس پر میں نے کورٹ جاکر خلع لینے کا کہا، میرے شوہر نے مجھے اور میرے گھر والوں کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں، مجھے حیدرعلی سے جان کا خطرہ ہے، ملزم کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔



 
Load Next Story