جامعہ کراچی میں اساتذہ نے غیر معینہ مدت تک کلاسز اور امتحانات کا بائیکاٹ کردیا

فیصلہ اساتذہ کے عمومی اجلاس (جنرل باڈی ) میں کیا گیا

فیصلہ اساتذہ کے عمومی اجلاس (جنرل باڈی ) میں کیا گیا . فوٹو : فائل

کراچی:
انجمن اساتذہ جامعہ کراچی نے غیر معینہ مدت کے لیے یونیورسٹی میں تدریسی عمل کا بائیکاٹ کردیا ہے اس بات کا فیصلہ جمعرات کو منعقدہ اساتذہ کے عمومی اجلاس (جنرل باڈی ) میں کیا گیا۔

فیصلے کے مطابق سیکریٹری یونیورسٹیز اور بورڈز کے رویے اور ان کی جانب سے اساتذہ کا سلیکشن بورڈ ملتوی کرانے کے خلاف اور سندھ حکومت کے نوٹس نہ لیے جانے پر جامعہ کراچی میں کلاسز صبح و شام اور امتحانات کے بائیکاٹ کو جاری رکھا ہے۔


انجمن اساتذہ جامعہ کراچی کے صدر ڈاکٹر شاہ علی القدر نے اجلاس کے بعد "ایکسپریس" کو بتایا کہ جب تک 31 جنوری کو زبردستی ملتوی کرایا گیا سلیکشن بورڈ دوبارہ نہیں کرایا جاتا اور سیکریٹری یونیورسٹیز اینڈ بورڈز مرید راپیمو کا تبادلہ نہیں کردیا جاتا اساتذہ اپنا احتجاج جاری رکھیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ آئندہ ہفتے پھر اجلاس کرکے صور تحال کا جائزہ لیں گے، ابتک صرف صوبائی وزیر برائے یونیورسٹیز اینڈ بورڈز اسماعیل راہو نے سیکریٹری انجمن اساتذہ ڈاکٹر محسن سے رابطہ کیا تھا تاہم وہ بھی معاملہ سے لاعلم ہی ہیں۔

واضح رہے کہ انجمن اساتذہ جامعہ کراچی (کراچی یونیورسٹی ٹیچر سوسائٹی) نے اپنا احتجاج ایسے وقت میں شروع کیا ہے جب جامعہ کراچی میں نئے تعلیمی سیشن کی کلاسز شروع ہوئے محض 15 روز ہی گزرے ہیں اور کوویڈ کے سبب کلاسز کی طویل بندش کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ کلاسز باقاعدگی سے شروع ہوسکی ہیں۔
Load Next Story