انفرادی سطح پر رقوم کی ڈیجیٹل منتقلی کا پہلا نظام ’’راست ‘‘متعارف

صارفین اپنے بینک کی موبائل ایپلی کیشن، انٹرنیٹ بینکاری کے ذریعے اپنے اکاؤنٹ میں رقوم بھیج اور وصول کر سکیں گے

’راست‘ کے آغاز کے ساتھ پاکستان فوری ادائیگی کا نظام شروع کرنے والے چند ممالک میں شامل ہوگیا ہے، اسٹیٹ بینک۔ فوٹو : فائل

BENGALURU:
اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے انفرادی سطح پر رقوم کی ڈیجیٹل منتقلی کے لیے پاکستان کا پہلا نظام ''راست'' متعارف کرادیا۔

'راست' اسٹیٹ بینک کا تیار کردہ پاکستان کا پہلا فوری ادائیگی کا نظام ہے۔ یہ پاکستان کے عوام کوصفر لاگت کے ساتھ ڈیجیٹل ادائیگی کافوری اور معتبر نظام فراہم کرتا ہے۔ اسٹیٹ بینک یہ سمجھتا ہے کہ 'راست' فرد تا فرد سروس سے نہ صرف صارفین کو آسان، دشواریوں سے پاک اور مفت ڈجیٹل فنڈ ٹرانسفر کی سہولت ملے گی بلکہ ایک موثر اور سازگار ادائیگیوں کا انفرااسٹرکچر بھی مہیا ہوجائے گا جو معیشت کی ڈجیٹائزیشن اور ملک میں ڈجیٹل مالی خدمات کے فروغ کے لیے راہ ہموار کرے گا۔

'راست' فرد تا فرد رقوم کی منتقلیوں اور سیٹل منٹ کی خدمات کے تحت بینک صارفین اپنے بینک کی موبائل ایپلی کیشن، انٹرنیٹ بینکاری اور اوور دی کاؤ نٹر خدمات استعمال کرتے ہوئے اپنے اکاؤ نٹس میں رقوم بھیجنے اور اسے وصول کرنے کی سہولت سے استفادہ کریں گے۔ صارفین کے لیے یہ آسانی ہے کہ وہ بینک کی موبائل ایپلی کیشن، انٹرنیٹ بینکنگ کے ذریعے یا بینک برانچ میں جاکر اپنے رجسٹرڈ موبائل فون نمبر کو اپنی راست آئی ڈی بنا سکیں گے اور اسے اپنے ترجیحی انٹرنیشنل بینک اکاؤ نٹ نمبر (IBAN) سے منسلک کر سکیں گے۔


جب صارف اپنے موبائل فون نمبر کو اپنی 'راست' آئی ڈی بنا لیگا تو دوسرے یہ موبائل فون استعمال کرکے اسے رقم بھیج سکیں گے انہیں اکاؤنٹ نمبر یا کوئی اور تفصیل جاننے کی ضرورت نہیں ہوگی۔اسٹیٹ بینک نے بینکوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ موبائل ایپلی کیشن، انٹرنیٹ بینکنگ اور برانچ کاؤنٹرز سمیت کم از کم تین صارفی ذرائع (چینلز)پر 'راست' فرد سے فردکو رقم کی منتقلی کی خدمت فراہم کریں۔

اسٹیٹ بینک نے بینکوں کو ہدایت کی ہے کہ 'راست' کے ذریعے کامیابی کے ساتھ منتقل کی جانے والی رقوم 'راست' سسٹم سے کریڈٹ ایڈوائس ملنے کے 20 سیکنڈ کے اندر وصول کنندگان کے اکاؤنٹس میں پہنچا دینی چاہیے۔

بینکوں پر لازم ہے کہ ان تمام چینلز کی مسلسل اور بلاتعطل دستیابی کو یقینی بنائیں جن پر 'راست' کی یہ سہولت پیش کی جا رہی ہے۔ اس مقصد کے لیے بینک اپنے وینڈرز اور سروس پرووائڈرز کے ساتھ اپنے سروس لیول ایگریمنٹ (ایس ایل اے) کو مستحکم بنائیں گے۔

بینکوں کو یہ ہدایت بھی کی گئی ہے کہ وہ اپنے صارفین کو 'راست' خدمات کے استعمال کی ترغیب دلانے اور اس میں سہولت دینے کے لیے تمام اقدامات کریں۔ 'راست' کے آغاز کے ساتھ پاکستان ان چند منتخب ملکوں میں شامل ہو گیا ہے جنھوں نے فوری ادائیگی کا نظام شروع کردیا ہے یا کررہے ہیں۔
Load Next Story