پشاور زلمی اور کراچی کنگز اہم بالرز سے محروم

پشاور زلمی کے ثاقب محمود، لیونگ اسٹون اور کراچی کنگز کے محمد عامر اور محمد الیاس نہیں کھیل سکیں گے

پشاور زلمی کے ثاقب محمود، لیونگ اسٹون اور کراچی کنگز کے محمد عامر اور محمد الیاس نہیں کھیل سکیں گے (فوٹو : فائل)

لاہور:
ایچ بی ایل پی ایس ایل کی ٹیمیں پشاور زلمی اور کراچی کنگز آئسولیشن اور انجریز کے سبب دو دو اہم بالرز سے محروم ہوگئیں۔

پی ایس ایل سیون میں جمعہ کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی پر ایک فتح کے ساتھ اپنا چوتھا میچ کھیلنے والی پشاور زلمی کی ٹیم انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے اپنے دو اہم بولرز سے محروم ہوگئی۔

ایونٹ میں شرکت کے لیے پاکستان پہنچنے والے 24 سالہ رائٹ آرم فاسٹ بولر ثاقب محمود ہنوز اپنا آئسولیشن مکمل کر رہے ہیں۔ دوسری جانب 28 سالہ لیگ بریک اور آف اسپن بالر لائم اسٹیفن لیونگ اسٹون ابھی تک پاکستان نہیں پہنچ سکے۔


ادھر پی ایس ایل 7 کے اپنے تینوں ابتدائی میچز میں شکست کا شکار کراچی کنگز کی ٹیم بھی اپنے دو اہم بولرز کی خدمات سے محروم ہوگی۔ فاسٹ بولر محمد عامر اور محمد الیاس انجریز سے دوچار ہوکر لیگ سے باہر ہو گئے ہیں۔

کندھے میں شدید انجری میں مبتلا محمد الیاس کو اگلے چھ ہفتے آرام کا مشورہ دیا گیا ہے، سائیڈ اسٹرین کا شکار محمد عامر کمر کی انجری بڑھ جانے کی وجہ سے اب لیگ میں شرکت کے لیے دستیاب نہیں۔

دریں اثنا انجری کے سبب پی ایس ایل سیون سے باہر ہو جانے والے محمد الیاس کی جگہ عثمان شنواری کو کراچی کنگز میں بطور متبادل کھلاڑی کھیلنے کی اجازت دے دی گئی۔ پی ایس ایل کی ٹیکنیکل کمیٹی نے اس اجازت کی منظوری دی۔
Load Next Story