قائد آباد پولیس اور رینجرز سے مقابلے میں2 ملزمان ہلاک

اسلحہ اور دستی بم برآمد، ملزمان کی شناخت نہیں ہوسکی، رزاق آباد میں پولیس بس پر خودکش دھماکے میں ملوث تھے، رینجرز

اتحاد ٹاؤن میں ہلاک2 مبینہ ملزمان کے بارے میں بھی دعویٰ کیا گیا تھا کہ وہ رینجرز پر حملے میں ملوث تھے فوٹو: فائل

قائد آباد میں پولیس اور رینجرز نے مشترکہ آپریشن کے دوران مبینہ مقابلے میں کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے 2 ملزمان کو ہلاک کر کے اسلحہ اور دستی بم برآمد کرلیا ۔


رینجرز نے دعویٰ کیا ہے کہ ملزمان رزاق آباد میں پولیس بس پر حملے میں ملوث تھے جبکہ اس سے قبل رینجرز نے اتحاد ٹاؤن میں مارے جانے والے 2 مبینہ ملزمان کے بارے میں دعویٰ کیا تھا کہ وہ نارتھ ناظم آباد میں رینجرز پر حملے میں ملوث تھے،تفصیلات کے مطابق قائد آباد کے علاقے گلشن بونیر میں پولیس اور رینجرز مشترکہ آپریشن کے لیے جیسے ہی پہنچی ملزمان کی جانب سے شدید فائرنگ کی گئی تاہم پولیس اور رینجرز نے پوزیشن سنبھال کر مبینہ مقابلے کے دوران 2 ملزمان کو ہلاک کر کے ایک کلاشنکوف ، دستی بم اور نائن ایم ایم پستول برآمد کرلی، ملزمان کی فائرنگ سے قائد آباد تھانے کا اے ایس آئی ملک اختر اور رینجرز کا جوان زخمی ہوگیا ۔

رینجرز سندھ نے دعویٰ کیا ہے کہ ہلاک ہونے والوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے تھا، ملزمان کی شناخت نہیں ہوسکی،قائد آباد پولیس نے ایس ایچ او احمد عاصم ملک کی مدعیت میں مبینہ مقابلے کا مقدمہ نمبر 79/14 درج کرلیا، رینجرز سندھ نے دعویٰ کیا ہے کہ مقابلے میں ہلاک ہونے والے ملزمان چند روز قبل شاہ لطیف ٹاؤن کے علاقے میں رزاق آباد پولیس ٹریننگ سینٹر سے نکلنے والے کمانڈوز کی پولیس بس کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے کی واردات میں ملوث تھے، علاوہ ازیں سی آئی ڈی پولیس نے گزشتہ روز ڈاکس تھانے کی حدود نالہ اسٹاپ کے قریب کارروائی کرتے ہوئے2 اہم ملزمان نوید اور حسن کو گرفتار کر کے2پستول برآمد کرلیں، سی آئی ڈی پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ گرفتار ملزمان کا تعلق لیاری گینگ وار سے ہے اور گرفتار ملزمان ٹارگٹ کلنگ کی 5 وارداتوں میں ملوث ہیں، مزید تفتیش جاری ہے ۔
Load Next Story