ملتان سلطانز کی مسلسل چھٹی فتح پشاور زلمی کو 42 رنز شکست
پاکستان سپرلیگ سیزن 7 کے 16ویں میچ میں ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو 42 رنز سے شکست دے کر مسلسل چھٹی فتح اپنی نام کی اور اگلے مرحلے تک رسائی حاصل کرلی۔
پشاور زلمی اور ملتان سلطانز کے درمیان لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں میچ کھیلا گیا، جس میں پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
پشاور زلمی اننگز
ملتان سلطانز کے 183 رنز ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو کامران اکمل 5 کے مجموعی اسکور پر چار رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، پہلے اوور کی آخری گیند پر حیدر علی بھی پانچ کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹے پھر لیام لیونگسٹن اور شعیب ملک نے شراکت داری قائم کرنے کی کوشش کی مگر لیونگسٹن 42 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوگئے، یوں زلمی کو تیسرے نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔
ابھی اسکور 51 پر پہنچا تھا کہ حسین طلعت بھی پویلین لوٹ گئے، ردرفورڈ آؤٹ ہونے والے پانچویں کھلاڑی تھے جو 21 رنز بنا کر 91 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے، دوسرے اینڈ پر شعیب ملک نے وکٹ کو بچا کر رکھا اور ٹیم کو بھنور سے نکالنے کی کوشش جاری رکھی، پھر 102 کے مجموعی اسکور پر شعیب ملک بھی 44 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
شعیب ملک کے بعد وہاب ریاض اور محمد عمر 109 رنز پر آؤٹ ہوئے، پھر زلمی کی آخری امید بین کٹنگ بھی 128 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے، یوں پشاور کو 9ویں وکٹ کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا، آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی سلمان ارشاد تھے جو 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پشاور زلمی کی ٹیم 19.3 اوورز میں 10 وکٹوں کے نقصان پر 140 رنز ہی بنا سکی۔ شعیب ملک 44 نمایاں بلے باز رہے جبکہ لیام لیونگسٹن 24، بین کٹنگ 23 ، ردرفورڈ 21 اور ثاقب محمد 11 رنز بنا سکے، زلمی کے 6 کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہوسکے، جن میں کامران اکمل، حیدر علی، حسین طلعت، وہاب ریاض، محمد عمر اور سلمان ارشاد شامل ہیں۔ ملتان سلطانز کے مزربانی نے 4 اوورز میں 18 رنز دے کر 3 ، شاہ نواز دھانی نے دو، عباس آفریدی ، عمران طاہر اور خوش دل شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
ملتان سلطانز اننگز
اس سے قبل پشاور زلمی کی دعوت پر ملتان سلطانز کی جانب سے اننگز کا آغاز شان مسعود اور کپتان محمد رضوان نے کیا، دونوں اوپنرز نے 8 کی اوسط کو برقرار رکھا، اس دوران شان مسعود نے اپنی نصف سنچری مکمل کی اور جب اسکور 98 پر پہنچا تو محمد رضوان 34 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
پھر شان مسعود 49 گیندوں پر 1 چھکے اور 8 چوکوں کی مدد سے 68 رنز بنا کر 131 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے، تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی رائلی روسو تھے جو 15 رنز بنا کر 161 کے اسکور پر پویلین روانہ ہوئے۔
روسو کے بعد ٹم ڈیوڈ زیادہ دیر وکٹ پر نہ رُک سکے اور 9 رنز اضافے کے بعد پویلین لوٹے، پھر نئے آنے والے کھلاڑی انور علی اور خوش دل شاہ 175 جبکہ عباس آفریدی 182 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔
ملتان سلطانز نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنائے، شان مسعود 68 کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے جبکہ محمد رضوان اور ٹم ڈیوڈ 34، 34، رائلی روسو 15، خوش دل شاہ 11 رنز بنا سکے، انور علی اور عباس آفریدی بالترتیب 1 اور پانچ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ صہیب مقصود ایک رن کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ پشاور زلمی کے ثاقب محمود ، وہاب ریاض اور سلمان ارشاد نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ اوس کے امکان کے سبب پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا، ملتان کی بیٹنگ لائن مضبوط ہے ہم انہیں 180 تک محدود رکھنے کی کوشش کریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ پشاور زلمی میں دو تبدیلیاں کی گئیں ہیں عثمان قادر اور حضرت اللہ زازئی کی جگہ لیونگسٹن اور حسین طلعت کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا ہے۔
ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے کہا کہ ٹاس جیت جاتے تو پہلے بولنگ ہی کرتے۔
ملتان سلطانز اسکواڈ: محمد رضوان، شان مسعود، صہیب مقصود، رائلی روسو، ٹم ڈیوڈ، خوش دل شاہ، انور علی، عباس آفریدی، عمران خان، بلیسنگ مزربانی، شاہنواز دھانی
پشاور زلمی اسکواڈ: کامران اکمل، بین کٹنگ، حیدر علی، شعیب ملک، لیام لیونگسٹن، حسین طلعت، ردرفورڈ، وہاب ریاض (کپتان)، سلمان ارشاد، ثاقب محمود، محمد عمر