ادتیہ پنچولی پر فلمساز پر حملہ کرنے کے الزام میں مقدمہ درج

اداکار ادتیہ پنچولی نے بھی فلم ساز کے خلاف تھانے میں درخواست دائر کردی

فلم ساز نے مقدمہ درج کرنے کے لیے تھانے میں درخواست جمع کرادی (فوٹو انٹرنیٹ)

ISLAMABAD:
بھارتی فلم پروڈیوسر سیم فرنینڈس نے اداکار ادتیہ پنچولی پر حملے اور بدسلوکی کا الزام عائد کرتے ہوئے مقدمہ درج کرادیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ادتیہ پنچولی اور فلم پروڈیوسر کے درمیان گزشتہ چند ماہ سے تنازع چل رہا ہے جو اب بیانات تک محدود نہیں بلکہ دونوں نے ایک دوسرے کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے ایک ہی تھانے میں تحریری شکایت درج کرادی۔

فلم پروڈیوسر اور اداکار دونوں نے ممبئی کے جوہو پولیس اسٹیشن میں مقدمہ اندارج کے لیے درخواست دائر کی۔

فلم پرڈیوسر نے الزام عائد کیا کہ ادتیہ اپنے بیٹے کو فلم میں کاسٹ کرنے کے لیے دباؤ ڈال رہا ہے جبکہ ادتیہ نے اپنی شکایت میں مؤقف اختیار کیا کہ فرنینڈس نے مجھے گالیاں اور سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دیں۔


میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فلم پروڈیوسر نے کہا کہ مجھے ادتیہ نے ہوٹل کے کمرے میں تشدد کا نشانہ بنایا اور دھمکی دی کہ اگر مطالبے (بیٹے کو فلم میں کاسٹ) کو پورا نہ کیا تو ذمہ دار تم خود ہوگے۔

فرنینڈس نے اپنی درخواست میں مؤقف اختیار کیا پنچولی کا بیٹا سورج میری ایک فلم میں کام کررہا تھا، کورونا اور فنڈ کی قلت کے باعث فلم مکمل نہ ہوسکی، جس پر میں نے اداکار اور اُس کے بیٹے کو ہوٹل بلا کر ساری صورت حال سے آگاہ تو پنچولی آپے سے باہر ہوگیا۔

دوسری جانب اداکار پنچولی نے مقدمہ اندراج کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 'فرنینڈس نے میرے بیٹے کو ہٹا کر دوسرے اداکار کو فلم میں کاسٹ کرلیا ہے جبکہ اس فلم کے لیے ہم سرمایہ کاروں کو لے کر آئے اور بجٹ کو 25 کروڑ تک پہنچایا'۔

واضح رہے کہ یہ فلم بھارت کے ہیوی ویٹ باکسر کی زندگی پر بنائی جارہی ہے، جس کی شوٹنگ ناگزیر وجوہات کی بنیاد پر روک دی گئی ہے۔
Load Next Story