چیئرمین اوگرا تقرری کیس یوسف رضا گیلانی عدالت حاضری سے مستثنٰی قرار

عدالتوں کا احترام کرتے ہیں جب بھی طلب کیا ہم پیش ہوئے اور آئندہ بھی پیش ہوتے رہیں گے، یوسف رضا گیلانی

پیپلز پارٹی اداروں کا احترام کرتی ہے،سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی فوٹو: ایکسپریس نیوز

احتساب عدالت نے چیئرمین اوگرا تقرری کیس میں سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں حاضری سے مستثنیٰ قرار دے دیا ہے۔


راولپنڈی کی احتساب عدالت میں چیئرمین اوگرا تقرری کیس کی سماعت ہوئی توپیپلز پارٹی کے سابق وزرائے اعظم یوسف رضا گیلانی اور راجا پرویز اشرف بڑی تعداد میں کارکنوں کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے تاہم دونوں افراد عدالت میں پیش ہونے کے کچھ ہی دیر بعد واپس چلے گئے۔ عدالت سے روانگی کے وقت میڈیا سے بات کرتے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہر دور میں عدالتوں کا سامنا کیا کیونکہ ہم عدالتوں کا احترام کرتے ہیں جب بھی طلب کیا ہم پیش ہوئے اور آئندہ بھی پیش ہوتے رہیں گے۔

سماعت کے دوران یوسف رضا گیلانی کی جانب سے امجد اقبال قریشی نے اپنا وکالت نامہ جمع کرایا اور عدالت سے درخواست کی کہ یوسف رضا گیلانی کو حاضری سے مستقل استثنیٰ دیا جائے جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے سماعت 5 مارچ تک ملتوی کردی۔ سماعت کے بعد امجد اقبال قریشی نے میڈیا کو تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ یوسف رضا گیلانی کو حاضری سے مستقل استثنیٰ دے دیا ہے تاہم راجا پرویز اشرف کی جانب سے اس قسم کی کوئی درخواست جمع نہیں کرائی گئی، انہوں نے کہا کہ چیئرمین اوگرا کی تعیناتی کااختیار وزیراعظم کو ہے اور بحیثیت وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے اپنے اختیار کو استعمال کرتے ہوئے توقیر صادق کو تعینات کیا۔
Load Next Story