ای او بی آئی کرپشن کیس ضمانتیں مسترد ہونے پر چیئرمین سمیت 5 ملزمان عدالت سے فرار

ملزمان پر قومی خزانے کو 3 ارب 70 کروڑ روپے سے زائد رقم کا نقصان پہنچانے کا الزام ہے

فوٹو:فائل

LONDON:
ای او بی آئی میں بے ضابطگیوں اور قومی خزانے کو نقصان پہنچانے کے کیس میں سابق چئیرمین ای او بی آئی ظفر گوندل سمیت 5 ملزمان کی ضمانتیں مسترد ہوگئیں جس پر وہ کمرہ عدالت سے فرار ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ملزمان کی جانب سے ضمانت کی درخواستوں کی سماعت اسپیشل جج سینٹرل راجہ اسد محمود نے کی۔ کمرہ عدالت میں ایف آئی اے کے پراسیکیوٹر کلیم اللہ تارڑ نے بتایا کہ ملزمان نے بے ضابطگیاں کرتے ہوئے قومی خزانے کو 3 ارب 70 کروڑ روپے سے زائد رقم کا نقصان پہنچایا، ملزمان نے ای او بی آئی کے منصوبوں میں من پسند افراد کو ٹھیکوں سے نوازا۔


پراسیکیوٹر نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ کے حکم پر معاملے کی نومبر 2021ء میں معاملے کی ایف آئی آر درج کی گئی اور تحقیقات شروع کی گئیں۔

سماعت کے دوران جج نے سابق چئیرمین ای او بی آئی ظفر گوندل سمیت 5 عہدے داروں کی ضمانتیں مسترد کردیں جس پر پانچوں ملزمان کمرہ عدالت سے فرار ہوگئے اور گرفتاری سے بچ گئے۔

اطلاعات کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوششیں شروع کردی گئی ہیں۔
Load Next Story