پورن ویب سائٹس صارفین کی عمر کی لازمی تصدیق کریں سائبر قوانین

18 سال یا اس سے زائد عمر کے صارفین کو اپنی عمر ثابت کرنے کے لیے کریڈٹ کارڈ یا تھرڈ پارٹی سے تصدیق کرانا ہوگی

قانون کی پاسداری نہ کرنے والوں پر جرمانہ ہوگا، فوٹو: فائل

ISLAMABAD:
برطانیہ میں متعارف کرائے گئے نئے سائبر قوانین کے تحت جنسی مواد کی حامل ویب سائٹس کوئی بھی ویڈیو دکھانے سے قبل صارف کی عمر کی لازمی تصدیق کرنے کی پابند ہوں گی۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق برطانیہ میں انٹرنیٹ سیفٹی سے متعلق نئے قوانین وضع کیے گئے ہیں جن کے تحت پورن ویب سائٹس کو لازمی طور پر اپنے صارفین کی عمر کی تصدیق کرنی ہوگی۔

قانون کا تعارف کراتے ہوئے ڈیجیٹل اقتصادیات کے وزیر کرس فلپ نے کہا کہ والدین ذہنی سکون کے مستحق ہیں کہ ان کے بچے آن لائن ایسی چیزوں کو دیکھنے سے محفوظ رہیں جو کسی بھی بچے کو نہیں دیکھنا چاہیے۔

اس قانون کے تحت 18 سال یا اس سے زائد عمر کے صارفین کو کریڈٹ کارڈ یا کسی تھرڈ پارٹی سروس کے ذریعے اپنی عمر کی تصدیق کرنا ہوگی جو صارف 18 سال کے کم عمر ہوں گے وہ ویب سائٹس کا مواد نہیں دیکھ پائیں گے۔


قانون کی پاسداری نہ کرنے والی ویب سائٹس پر عالمی کاروبار کے 10 فیصد تک جرمانہ ہوسکتا ہے۔ اس قانون کا مقصد غیر اخلاقی مواد سے نابالغوں کی رسائی کو روکنا ہے۔

آن لائن سیفٹی بل اگلے چند ماہ میں پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا۔ عوامی مطالبے پر اس طرح کے اقدامات پہلے بھی اُٹھائے گئے تھے تاہم 2019 میں یہ اقدامات اُٹھا لیے گئے تھے۔

بعد ازاں اکثریت پورن ویب سائٹس کے صارفین کی عمریں 11 سے 13 ہونے کے انکشاف کے بعد دوبارہ سیفٹی قوانین لاگو کیے جارہے ہیں۔

 
Load Next Story