اپوزیشن اپنے ممبران کی فکر کرے انہیں ایک دوسرے پربھی اعتماد نہیں اسد عمر

پی ڈی ایم کا حکومت کے خلاف عدم اعتماد ناکام کوشش ہے، وفاقی وزیر

سابقہ حکومتوں کے مقابلے میں موجودہ حکومت کی کارکردگی اچھی جا رہی ہے، وفاقی وزیر۔ فوٹو:فائل

BAHAWALPUR:
وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا ہے کہ اپوزیشن اپنے ممبران کی فکر کرے انہیں ایک دوسرے پر بھی اعتماد نہیں ہے۔

اوچ شریف میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا تھا کہ سردیاں شروع ہوتے ہی پی ڈی ایم کا تماشہ شروع ہو جاتا ہے، اس میں شامل تمام جماعتوں کو ایک دوسرے پر اعتماد نہیں ہے، حکومت نے سینیٹ میں اسٹیٹ بینک سے متعلق بل منظور کرایا، قومی اسمبلی میں تمام بلز منظور ہوئے،عدم اعتماد کی باتیں کرنے والے پہلے کی طرح ناکام ہوں گے، اپوزیشن اپنے ممبران کی فکر کرے ان سے اپنے ممبران سنبھالے نہیں جاتے، پی ڈی ایم کا حکومت کے خلاف عدم اعتماد ناکام کوشش ہے۔


وفاقی وزیر نے کہا کہ سندھ میں ظلم اور غنڈہ گردی کا راج ہے اور سندھ حکومت خاموش تماشائی ہے، آصف زرداری اور ان کے حواریوں نے کراچی میں آگ اور خون کا بازار گرم کیا ہوا ہے، زرداری کے حواری مسلح جتھوں کی سرپرستی پر وسائل بہار ہے ہیں، نیشنل ایکشن پلان میں اتفاق ہے کہ مسلح جتھوں کو پنپنے نہیں دیا جائے گا، نواب شاہ میں مسلح لشکرکشی کی شدید مذمت کرتے ہیں، واقعہ سندھ میں ریاستی و حکومتی عملداری کے بکھرنے کی مثال ہے، زرداری اوران کے حواریوں کا سندھ میں مستقبل تاریک ہے۔

اسد عمر نے مزید کہا کہ سابقہ حکومتوں سے موجودہ حکومت کی کارکردگی اچھی جا رہی ہے، وزیر اعظم عمران خان پاکستان کی ترقی کے لیے دن رات کوشاں ہیں، ہیلتھ کارڈ حکومت کا اچھا اقدام ہے جس سے کوئی خاندان علاج سے محروم نہیں رہے گا، زراعت اور صنعت میں خصوصی ترقی ہورہی ہے، مہنگائی پاکستان میں نہیں پوری دنیا کا مسئلہ ہے، جسے کنٹرول کرنے کیلئے خصوصی اقدامات کیے جارہے ہیں، عوام کو ریلیف دینے کیلئے خصوصی سبسڈی پیکج دیئے جائیں گے۔
Load Next Story