مسلمانوں کو ٹوپی اتار کر تلک لگوانے پر مجبور کردیں گے بی جے پی کی دھمکی

حکمراں جماعت کے رکن اسمبلی نے انتخابی مہم کے دوران نفرت آمیز تقریر میں مسلمانوں کو کھلے عام دھمکیاں دیں

اترپردیش میں انتخابی مہم کے دوران مسلمانوں کو کھلے عام دھمکیاں دی گئیں، فوٹو: فائل

بھارتی ریاست اترپردیش سے بی جے پی کے رکن اسمبلی رگویندر سنگھ نے دھمکی دی ہے کہ اگر دوبارہ منتخب ہوا تو مسلمانوں کو ماتھے پر تلک کا نشان بنانے پر مجبور کردوں گا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اترپردیش میں انتخابات کا دور دورہ ہے اور اس دوران بی جے پی کے رہنما کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں وہ مسلمانوں کو کھلے عام دھمکیاں دے رہے ہیں۔

سوشل میڈیا پر وائرل تقریر میں حکمراں جماعت کے رکن اسمبلی رگویندر سنگھ کو یہ کہتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے کہ اگر میں دوبارہ منتخب ہوگیا تو مسلمانوں سے ٹوپی اتروا کر ماتھے پر تلک کا نشان لگواؤں گا۔


ٹیلی وژن پر ایک حالیہ انٹرویو میں رکن اسمبلی نے ڈھٹائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے وائرل ویڈیو کی تصدیق کی اور اپنے ناپاک عزائم کا اعادہ کیا۔

الٹا چور کوتوال کو ڈانٹے کے مصداق بی جے پی کے رکن اسمبلی نے اپنے اس متعصب اقدام کے جواز میں روایتی حربہ استعمال کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کا مقابلہ اسی طرح کیا جا سکتا ہے۔

مودی سرکار کی ناقص پالیسیوں کے باعث الیکشن میں جیت کے لیے حکمراں جماعت کے ارکان کے پاس ہندو جذبات کو اکسانے کے علاوہ کوئی اور حربہ نہیں بچا ہے۔

ادھر کرناٹک میں اسکولوں اور کالجوں میں حجاب پہننے پر پابندی کے خلاف مظاہروں کا سلسلہ ملک گیر ہوگیا ہے۔ بی جے پی کی حکومت میں اقلیتوں کے لیے زمین تنگ ہوتی جا رہی ہے اور جنونی انتہاپسند ہندوؤں کے شر سے خود ہندو برادری کے دلت بھی محفوظ نہیں رہے ہیں۔
Load Next Story