کراچی میں نالے سے کمسن بچے کی لاش ملی گلا دبا کرقتل کیا گیا

مقتول کمسن بچہ 13 فروری کو گھرکے باہرکھیلتے ہوئے لاپتہ ہوگیا تھا

مقتول کمسن بچہ 13 فروری کو گھرکے باہرکھیلتے ہوئے لاپتہ ہوگیا تھا

شاہ فیصل کالونی نمبر6 بند کے قریب نالے سے کمسن بچے کی لاش ملی ہے جسے گلا دبا کرقتل کیا گیا ہے۔

مقتول بچہ 13 فروری کو گھرکے باہرکھیلتے ہوئے لاپتہ ہوگیا تھا،14 فروری کو پولیس نے بچے کے اغوا کا مقدمہ درج کرلیا تھا،15 فروری کو بچے کے اغوا کی تفتیش تھانے سے خصوصی یونٹ منتقل کردی گئی تھی۔

پولیس نے بچے کی لاش کوتحویل میں لینے کے بعد پوسٹ مارٹم کے لیے جناح اسپتال منتقل کردیا جہاں کمسن بچے کی شناخت 3 سالہ محمد ارحم ولد منصورعلی معراج کے نام سے کرلی گئی ۔ مقتول کمسن بچہ مکان نمبر26 شاہ فیصل کالونی نمبر6 کچی آبادی کا رہائشی تھا۔


ایس ایچ او شاہ فیصل کالونی منظورآرائیں نے ایکسپریس کو بتایا کہ مقتول بچے کے اہلخانہ نے اسے ہرجگہ تلاش کیا لیکن اس کا کوئی سراغ نہ ملا جس پر اگلے روز 14 فروری کو والدہ اقرا کی مدعیت میں اغوا کامقدمہ نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کر لیا گیا تھا اور بدھ کی صبح لاش نالے سے مل گئی، مقتول بچہ اپنی والدہ کے ہمراہ اپنی نانی کے گھر رہائش پذیرتھا۔

انھوں نے بتایا کہ بچے کی والدہ شوہر سے ناراض ہو کر گزشتہ 6 ماہ سے اپنے میکے میں رہ رہی تھی اور گارمنٹس فیکٹری میں ملازمت کرتی ہے ۔ ایس ایچ او نے بتایا کہ بچے کا جناح اسپتال میں پوسٹ مارٹم ہو گیا ہے اور ایم ایل اونے اپنی ابتدائی آبزرویشن میں بتایا ہے کہ اسے قتل کیا گیا اور موت گلا دبانے کی وجہ سے ہوئی ہے ۔

ایم ایل او ڈاکٹرسمیہ کے مطابق پوسٹ مارٹم کے دوران شبہ ہے کہ مقتول بچے کے ساتھ بد فعلی کی گئی ہے تاہم حتمی طور پر کچھ کہنا قبل ازوقت ہوگا۔

انھوں نے بتایا کہ ایم ایل اونے کیمیکل معائنے کے لیے نمونے حاصل کرکے پولیس کے سپرد کردیے ہیں ، پوسٹ مارٹم کی تفصیلی رپورٹ آنے کے بعد موت کی وجہ کا تعین ہوگا اورمزید حقائق سامنے آئیں گے ۔ مقتول کمسن بچے کے اہلخانہ نے اپنے پڑوسی نوید پر شک کا اظہارکیا ہے جس پرپولیس نے پڑوسی کو تحویل میں لیکر پوچھ گچھ شروع کردی ہے، حراست میں لیا جانے والا پڑوسی نشے کا عادی بھی معلوم ہوتاہے۔
Load Next Story