آسٹریلیا کے خلاف خفیہ منصوبہ بندی کو منظر عام پر نہیں لا سکتے ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق

مہمان ٹیم کے خلاف بہترین اور سخت مقابلے کی توقع ہے، ثقلین مشتاق

مہمان ٹیم کے خلاف بہترین اور سخت مقابلے کی توقع ہے، ثقلین مشتاق . فوٹو : فائل

کراچی:
پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق نے کہا ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف خفیہ منصوبہ بندی کو منظر عام پر نہیں لا سکتے۔

آسٹریلیا کے خلاف قومی تربیتی کیمپ کے افتتاحی روز نیشنل اسٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ثقلین مشتاق نے کہا کہ آسٹریلیا کرکٹ ٹیم مسلسل بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے، انگلینڈ کے خلاف بھی اس نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ ہم اس کے خلاف منصوبہ بندی نہ کریں، آسٹریلوی ٹیم کو سامنے رکھ کر اپنے اہداف بنائے ہیں، اس کی کمزوریوں کو بھی دیکھیں گے، پاکستان کو ہوم سیریز میں ماحول، موسم اور وکٹ کے ساتھ تماشائیوں کا بھی ایڈوانٹیج حاصل ہوگا، لیکن ہم صرف ایڈوانٹیج کی بنیاد پر منصوبہ بندی کو نظر انداز نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی، پی ایس ایل 7سے فارغ ہونے والے کھلاڑیوں کی آمد کے بعد مزید تربیت کے مواقع میسر آئیں گے۔

ہیڈ کوچ نے کہا کہ پاکستان کی زمین بہت زرخیز ہے، اگر اس وقت پاکستان کے پاس اعلیٰ معیار کا لیگ اسپنر نہیں تو کوئی بات نہیں، ہمیں آگے چل کر اچھے اسپنرز ملنے کی توقع ہے۔


قومی کپتان بابر اعظم کے حوالے سے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بلاشبہ بابراعظم اس وقت دنیا کا بہترین بیٹر ہے، اس کی پاکستان کے لیے بہترین خدمات ہیں، وہ ہر فارمیٹ کا بہترین کھلاڑی ہے۔

ثقلین مشتاق نے بابر اعظم کو چاند سے تشبیہ دیتے ہوئے کہا کہ بابر اعظم ایک چاند کی مانند ہے، اگر چاند پر بدلی آجائے تو کوئی فرق نہیں پڑتا،چاند تو چاند ہی رہتا ہے،پی ایس ایل7 میں سب ٹیمیں مضبوط ہیں، کراچی کنگز بھی اچھی ٹیم ہے لیکن اس وقت وہ بدقسمتی کا شکار ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پورا پاکستان اس وقت کرکٹ کے ساتھ ہے، ہم آسٹریلیا کو کھلے دل کے ساتھ خوش آمدید کہتے ہیں اور آسٹریلیا بھی بے دھڑک ہو کر پاکستان آئے، انہوں نے کہا کہ بہترین نتائج کے لیے کوچنگ اسٹاف کو طویل المدت ہونا چاہیے، اگر بیٹنگ کوچ سابق ٹیسٹ کپتان محمد یوسف آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے بعد بھی ذمہ داری ادا کریں گے تو میرے لیے بھی سودمند ہوگا لیکن اس کا فیصلہ پی سی بی اور محمد یوسف کومل کر کرنا ہے۔

ثقلین مشتاق نے کہا کہ اللہ نے مجھے کرکٹ کھیلنے کے بعد بھی موقع دیا ہے کہ ملک کی خدمت کروں، کوشش ہوگی کہ پاکستان کے لیے سو فیصد سے زیادہ خدمات انجام دوں۔
Load Next Story