کراچی میں دہشتگردی کا منصوبہ ناکام پولیس نے 12 کلو وزنی بم ناکارہ بنا دیا

اگر دہشت گرد اپنے منصوبے میں کامیاب ہو جاتے تو اس سے بھاری جانی و مالی نقصان ہو سکتا تھا، پولیس

سیمنٹ بم میں 12 کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا تھا جس میں ڈیٹونیٹر، نٹ بولٹ اور کیلیں اور بال بیرنگ استعمال کئے گئے تھے، بی ڈی یو۔ فوٹو/ فائل

بم ڈسپوزل اسکواڈ نے سائٹ کے علاقے نورس چورنگی کے قریب دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے 12 کلو وزنی بم ناکارہ بنا دیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کو ریسکیو 15 پر اطلاع ملی کہ کراچی کے سائٹ میں نورس چورنگی پر ایک گارمنٹ فیکٹری کے قریب فٹ پاتھ پر ایک مشکوک گھی کا کنستر رکھا ہوا ہے جس پر بم ڈسپوزل اسکواڈ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے علاقے کا محاصرہ کیا اور بم کو ناکارہ بنایا۔ پولیس حکام کا کہنا تھا کہ دہشت گرد پولیس یا رینجرز کی گاڑی کو نشانہ بنانا چاہتے تھے۔


پولیس حکام کا کہنا تھا کہ سیمنٹ بم میں 12 کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا تھا جس میں ڈیٹونیٹر، نٹ بولٹ، کیلیں اور بال بیرنگ استعمال کئے گئے تھے، اگر دہشت گرد اپنے منصوبے میں کامیاب ہو جاتے تو اس دھماکے سے بھاری جانی و مالی نقصان ہو سکتا تھا۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کا کہنا تھا کہ بم کو بہت مہارت سے بنایا گیا تھا اور بموں کی تعمیر میں ایک ہی گروپ کے ملوث ہونے کا شبہ ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی بم ڈسپوزل اسکواڈ نے حبیب بینک چورنگی کے قریب واقع "اے آر وائی نیوز" کے دفتر کے باہر سے بھی 3 کلو وزنی بم کو ناکارہ بنایا تھا جب کہ ایک ہفتہ قبل بھی حبیب بینک چورنگی کے قریب سے دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا تھا۔
Load Next Story