طالبان نے اہلکاروں کیساتھ جو سفاکانہ سلوک کیا ایسا تو بھارت نے بھی نہیں کیا پرویزرشید

دشمن نے بھی ایسے کام نہیں کئےجو دہشتگردوں نے کئے حکومت کی خواہش ہے خون خرابے کے بغیر امن قائم ہوجائے،وفاقی وزیراطلاعات

حکومت کو بھی طالبان سے شکایات ہیں اگر طالبان کو بھی کوئی شکایت تھی تو حکومتی کمیٹی کو آگاہ کرتے، پرویز رشید۔ فوٹو:ایکسپریس نیوز

ISLAMABAD:
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید کا کہنا ہے کہ پاک فوج کی صلاحیتوں پر کسی کو شک نہیں ہونا چاہئے حکومت کی خواہش ہے خون خرابہ کے بغیر امن کی منزل حاصل کرلیں۔


راولپنڈی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے پرویز رشید کا کہنا تھا کہ کوئی اس غلط فہمی میں نہ رہے کہ پاکستانی دفاعی اداروں کی صلاحتیں کسی بھی طور پر کم ہیں بلکہ دنیا ان اداروں کی کارکردگی کی معترف ہے۔ انہوں نے کہا کہ مغوی ایف سی اہلکاروں کے قتل کا واقعہ کب اور کہاں پیش آیا اس حوالے سے مکمل تفصیلات نہیں آئیں تاہم دہشت گردوں نے اہلکاروں کے ساتھ جو سلوک کیا کیا وہ شرعی تھا، اس قسم کی سفاکانہ کارروائی توبھارت جیسے دشمن نے بھی ہمارے 90 ہزارقیدیوں کے ساتھ نہیں کی تھی۔

پرویز رشید نے کہا کہ طالبان ترجمان شاہد اللہ شاہد کو اگر کسی حوالے سے کوئی شکایت تھی تو مذاکراتی کمیٹی کو آگاہ کرنا چاہئے تھا، طالبان سوال کرنے سے پہلے قوم کے دکھوں کا جواب دیں، حکومت کو بھی طالبان سے مختلف معاملات پر شکایات ہیں، ایک سوال کے جواب پر انہوں نے کہا کہ ملک میں قانون کی حکمرانی قائم ہوچکی ہے اور اس سے کوئی نہیں بچ سکتا جبکہ سابق صدر پرویز مشرف کے ساتھ مکافات عمل جاری ہے تاہم قومی معاملات پر تمام سیاسی جماعتوں سے رابطے میں ہیں۔
Load Next Story