ڈاکوؤں نے گودام سے 10 ٹن چائے کی پتی لوٹ لی

گودام میں 8 سے 10 مسلح افراد پانی پینے داخل ہوئے، چوکیدار و دیگر ملازمین کو یرغمال بنا کر80 لاکھ کی چائے کی پتی لوٹ لی

صنعتی علاقے میں لوٹ مار قابل تشویش ہے، ملزمان کو گرفتار کیاجائے، تاجروں کو تحفظ فراہم کیا جائے، ٹی ایسوسی ایشن۔ فوٹو: سوشل میڈیا

ماڑی پور میں واقع گودام میں مسلح افراد 217 بوریوں میں بھری 10 ٹن چائے کی پتی لے کر فرار ہوگئے۔

گزشتہ روز سائٹ صنعتی میں ماڑی پور میں واقع گودام میں 8 سے 10 مسلح افراد نے پانی پینے کے بہانے گودام میں داخل ہوکر چوکیدار سمیت دیگر ملازمین کو یرغمال بنالیا جس کے بعد217 بوریوں میں بھری 10 ٹن چائے کی پتی چوری کرکے فرار ہوگئے، گودام مالکان نے سائٹ بی تھانے میں جس کی فوری اطلاع دی اور مقدمہ نمبر 56/2022 درج کرایا۔


پاکستان ٹی ایسوسی ایشن (پی ٹی اے) نے گزشتہ روز کراچی کے علاقے سائٹ ایریا میں واقع گودام سے 80 لاکھ روپے مالیت کے 217 بورے چائے کی پتی اسلحے کے زور پر لے جانے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔

ٹی ایسوسی ایشن نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ صنعتی علاقہ میں لوٹ مار کا ہونا قابل تشویش ہے، ایسوسی ایشن کے رہنماؤں نے وزیر اعلیٰ اور آئی جی سندھ سے اپیل کی کہ ملزمان کے خلاف فوری کارروائی کرکے ملوث گروہ کو بے نقاب کیا جائے اور مجرمان کو سخت سزائیں دی جائیں۔

انھوں نے حکومت سے یہ بھی مطالبہ کیا کہ تاجروں اور کاروباری طبقہ کو تحفظ فراہم کیا جائے اور اس طرح کے واقعات سے بچنے کیلیے سدباب کیے جائیں۔
Load Next Story