اسحاق ڈار کی ویڈیو لنک کے ذریعے سینیٹر کا حلف اٹھانے کی درخواست مسترد

حلف اٹھانا ہے تو ایوان میں آنا ہوگا، قانون کے تحت آپ کی درخواست قابل قبول نہیں، چیئرمین سینیٹ کا اسحاق ڈار کو خط

(فوٹو : فائل)

چیئرمین سینیٹ نے اسحاق ڈار کی ویڈیو لنک کے ذریعے حلف اٹھانے کی استدعا مسترد کردی اور کہا ہے کہ حلف اٹھانا ہے تو ذاتی حیثیت میں ایوان میں آنا ہوگا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق بیرون ملک موجود اسحاق ڈار نے چیئرمین سینیٹ کے نام خط ارسال کیا تھا جس میں سینیٹر کا حلف اٹھانے کے لیے انہوں نے ویڈیو لنک کو استعمال کرنے کی درخواست کی تھی تاہم چیئرمین سینیٹ نے اس استدعا کو مسترد کردیا ہے۔


چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے اسحاق ڈار کے نام جوابی خط میں واضح کیا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 65 اور سینیٹ کے رولز آف پروسیجر اینڈ کنڈکٹ کی رول 6 کے تحت منتخب رکن ایوان میں آ کر ہی حلف اٹھا سکتا ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ سینیٹ کے رول 7 کے تحت کسی بھی سینیٹر کو حلف اٹھانے کے بعد رول پر دستخط کرنا بھی ضروری ہے، آئین و قانون کے تحت ویڈیو لنک کے ذریعے یا کسی دوسرے فرد کے سامنے حلف اٹھانے کی گنجائش نہیں۔

جوابی خط میں مزید کہا گیا ہے کہ حلف اٹھانا ہے تو سینیٹر کو ایوان میں آنا ہوگا، لہذا آئین اور قانون کے تحت آپ کی درخواست قابل قبول نہیں۔
Load Next Story